انٹر نیشنلتازہ ترینجرم-وسزا

اسرائیل کی امداد کی تقسیم کے دوران بمباری،60فلسطینی شہید

فلسطینی صدرکا حماس سے ہتھیار ڈالنے کامطالبہ،غزہ میں انسانی امداد کی ناکہ بندی شرمناک سکینڈل ہے:فرانسیسی صدر، او آئی سی ، مذاکرات میں ایران بھی شریک ہے:صدر ٹرمپ

غزہ،پیرس:(ویب ڈیسک) غزہ میں امدادی سامان کی تقسیم کے دوران اسرائیلی فوج کی اندھا دھند فائرنگ اور خیمہ بستیوں پر فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید 60فلسطینی شہید اور 400سے زائد زخمی ہو گئے۔

صیہونی فوج نے شمالی غزہ کے متعدد علاقوں سے انخلا کا نیا حکم نامہ بھی جاری کر دیا ہے اور فلسطینیوں سے کہا ہے کہ الکرامہ، النہضہ اور جبالیا کیمپ سے نکل جائیں۔فلسطینی صدر محمود عباس نے حماس سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کردیا۔

فرانسیسی صدر میکرون اور سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کو لکھے گئے خط میں صدر محمود عباس نے فلسطینی عوام کی حفاظت کیلئےعرب اور بین الاقوامی افواج کی تعیناتی کا مطالبہ بھی کیا۔صدر محمود عباس نے مزید لکھا کہ حماس غزہ پر مزید حکومت نہیں کرے گی، اسے اپنے ہتھیار اور فوجی صلاحیتوں کو فلسطینی سکیورٹی فورسز کے حوالے کرنا ہوگا۔وہ سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کے ساتھ استحکام اور تحفظ مشن کے حصے کے طور پر عرب اور بین الاقوامی افواج کو فلسطین میں تعیناتی کیلئےمدعو کرنے کو تیار ہیں۔

فرانسیسی صدر عمانوئیل میکرون نےغزہ میں انسانی امداد کے راستے دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی امداد کی ناکہ بندی ایک سکینڈل اور شرمناک ہے، انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔

انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس نے انتباہ کیا ہے کہ اسرائیلی حملے بڑھنے سےغزہ کا طبی نظام بہت زیادہ کمزور ہوچکا ہے،فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مزید ہلاکتیں ہوں گی،طبی انفرا سٹرکچر اور عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔بیلجیم میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ہند رجب فاؤنڈیشن نے برطانیہ میں اسرائیلی بحریہ کی سپیشل فورس شیطیت 13 اور اس کے کمانڈر وائس ایڈمرل ڈیوڈ سعار سلامہ کے خلاف جنگی جرائم کی شکایت دائر کر دی، شکایت انسانی امداد لے کر جانے والی کشتی مدلین پر حملے کے بعد دائر کی گئی ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے امدادی جہاز میدلین پر اسرائیلی فوج کے حملے کی سخت مذمت کی ہے اور اسے بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم نے عالمی امدادی کارکنوں کی فوری رہائی اور غزہ میں امدادی سرگرمیوں کی بحالی پر زور دیا۔

اسرائیل نے غزہ کیلئے امدادی سامان لانے والی سماجی کارکن گریٹا تھنبرگ کو فرانس روانہ کر دیا جہاں سے انہیں سویڈن بھیجا جائیگا، قبل ازیں اسرائیلی فوج نے امدادی کشتی میڈلین پر دھاوا بول کر اسے قبضے میں لے لیا تھا اور گریٹا سمیت 12کارکنوں کو گرفتار کر لیا تھا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی معاہدے کیلئےجاری مذاکرات میں ایران بھی شریک ہے تاہم انہوں نے ایرانی کردار کی وضاحت نہیں کی۔ صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ غزہ کے ساتھ کیا ہوتا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ یرغمالیوں کو واپس لایا جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button