دیرینہ دشمنی اور دیگرواقعات میں3 خواتین ،جیالے سمیت 10افراد قتل
لاہور میں شہری اور سرگودھا میں ریٹائرڈ ملازم قتل، عورت کی تشدد زدہ لاش برآمد،ڈڈیال میں شوہر نے بیوی،بیٹی کو مار دیا، جڑانوالہ میں پی پی امیدوار اشرف ساہی قتل
لاہور،سرگودھا(بیوروچیف،نمائندگان)آزاد کشمیر کے علاقے ڈڈیال میں گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی اور بیٹی کو قتل کردیا، پولیس نے بتایا کہ چھری کے وار سے شدید زخمی دوسری بیٹی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، ملزم نے خودکشی کرنے کی کوشش بھی کی تاہم اسے گرفتار کر لیا گیا۔
جڑانوالہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امیدوار ایم پی اے پیپلز پارٹی چودھری اشرف ساہی جاں بحق ہو گئے، بتایا گیا ہے کہ اشرف ساہی گھر سے بھٹہ کی طرف جا رہے تھے کہ ملزموں نے گاڑی پر فائر کھول دیا، اشرف ساہی ایشیا کے سب سے بڑےبھٹہ کے مالک اور بزنس مین تھے، وجہ قتل فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔
موڑکھنڈا کے نواحی گاؤں صدیق آباد کا رہائشی محنت کش محمد عاطف اپنے بھائی عمر فاروق اور چچا زاد محمد رضوان کے ہمراہ محنت مزدوری کے بعد رات 10بجے گدھا گاڑی پر واپس آ رہے تھے کہ راستے میں کتے نے انہیں کاٹنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے کتے کو ڈنڈا مار کر بھگا دیا، کتے کے مالکان نے مشتعل ہو کر ان پر کلہاڑی کے الٹے وار کیے، 17سالہ محمد عاطف عمر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ رضوان شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس تھانہ مانگٹانوالہ نے مقتول محمد عاطف کے بھائی عمر فاروق کی درخواست پر آفتاب احمد، عقیل ثقلین اور ذوالقرنین وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔سرگودھا کے علاقے لیاقت کالونی میں پرانی دشمنی پر مخالفین نے فائرنگ کر کے 49 سالہ ریٹائرڈ ملازم ملک نواز کو قتل اور اس کے27 سالہ بیٹےحافظ مبشر کو شدید زخمی کر دیا ۔
ادھر تحصیل شاہ پور کچہری کے باہر پرانی دشمنی پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مخالف کو شدید زخمی کر دیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے دونوں واقعات کی چھان بین شروع کر دی ہے۔لاہور میں شاہدرہ کے علاقے کوٹ شہاب الدین میں نامعلوم افراد نے حویلی کی چھت پر سوئے 35سالہ جمشید کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔
پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا، ابتدائی چھان بین کے مطابق معاملہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔شفیق آباد میں محلہ داروں کی لڑائی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والا دوسرا نوجوان موسیٰ بھی ہسپتال میں جاں بحق ہو گیا، قبل ازیں زخمی علی رضا دم توڑ گیا تھا۔ پولیس کے مطاق ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرے کی گرفتاری کیلئےچھاپے مارے جا رہے ہیں۔ادھر رائیونڈ سٹی میں 35سالہ عورت کنزہ کی گھر سے ہاتھ، پاؤں بندھی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔
کنزہ اپنی 16سالہ بیٹی فضا کیساتھ کرائے کے مکان میں رہتی تھی اور دونوں فیکٹری میں کام کرتی تھیں، گزشتہ روز فضافیکٹری سے گھر پہنچی تو والدہ کی خون میں لت پت لاش پڑی ملی۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔



