ٹرمپ کا خواب ادھورا، امن نوبیل انعام وینزویلا کی رہنما کے نام
نوبل کمیٹی نے ثابت کیا وہ امن پر نہیں سیاست پر یقین رکھتی ہے، وائٹ ہائوس کی تنقید
اوسلو، واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) امن کا نوبل انعام ماریہ کورینا مچاڈو کو دے دیا گیا۔ سویڈن کی رائل سوئیڈش اکیڈمی آف سائنس کے سربراہ جورجین واٹن فریڈنس نے نوبیل امن انعام 2025اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امن کا نوبیل انعام وینزویلا کی جمہوریت نواز رہنما ماریہ کورینا مچاڈو کو دیا جاتا ہے۔
نارویجن نوبیل کمیٹی کے مطابق ماریاکورینا مچاڈو کو وینزویلا کے عوام کے جمہوری حقوق کے فروغ اور آمریت سے جمہوریت کی منصفانہ و پرامن منتقلی کی جدوجہد پر دیا گیا۔ واضح رہے امن کا نوبیل انعام اس شخص کو دیا جاتا ہے جس نے ملکوں کے درمیان رفاقت بڑھانے، مستقل فوجیں ختم یا کم کرنے، اور امن کے قیام اور فروغ کیلئے سب سے زیادہ یا بہترین کام کیا ہو۔
ادھر وائٹ ہائوس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’ نظرانداز ‘ کر کے امن کے نوبیل انعام کیلئے وینزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا ماچادو کو منتخب کرنے پر ناروے کی نوبیل کمیٹی پر سخت تنقید کی ہے۔ عالمی خبر رساں اداروں رائٹرز اور اے ایف پی کی رپورٹس کے مطابق وائٹ ہائوس کے ڈائریکٹر آف کمیونیکیشنز اسٹیون چیونگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ نوبیل کمیٹی نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ امن پر نہیں بلکہ سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ امن کے معاہدے کرتے رہیں گے، جنگیں ختم کرتے رہیں گے، اور زندگیاں بچاتے رہیں گے، ان کے دل میں انسانیت کے لیے جذبہ ہے، اور ان جیسا کوئی نہیں جو صرف اپنی قوتِ ارادی سے پہاڑ ہلا سکے۔



