پاکستانتازہ ترین

حکومت نے ہمیشہ پارلیمانی روایات اور جمہوری اقدار کا احترام کیا: عظمیٰ بخاری

لاہور (بیورو چیف) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ہمیشہ پارلیمانی روایات، برداشت اور جمہوری اقدار کو مقدم رکھا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب ہم اپوزیشن میں تھے تو ہمیں چند منٹ سے زیادہ بات کرنے کا موقع نہیں دیا جاتا تھا، لیکن آج حکومت اپوزیشن کی بات کو مکمل تحمل اور برداشت کے ساتھ سن رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپیکر کی کرسی کا احترام ایوان کی روایت اور قواعد کا تقاضا ہے، اس لیے چیئر کے کنڈکٹ کو چیلنج کرنا مناسب عمل نہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ تنقید برائے تنقید کی سیاست سے گریز کرے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مثبت کردار ادا کرے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پوائنٹ اسکورنگ اور مذہبی جذبات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے بجائے اگر اپوزیشن عوام کے لیے کوئی قابل ذکر کام کر لیتی تو آج اس کے اقدامات بھی زیر بحث ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ جس سے چاہتا ہے خیر کا کام لیتا ہے اور جس سے چاہتا ہے شر کا کام لیتا ہے۔ جن لوگوں کو اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کی توفیق دی ہے وہ خدمت کر رہے ہیں، جبکہ منفی سیاست اور انتشار کا راستہ اختیار کرنے والے اسی روش پر قائم ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے فیصل آباد میں محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات پر وزرا، ضلعی انتظامیہ، پولیس، علماء کرام، امن کمیٹیوں اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے دن رات کام کرنے والے تمام افراد خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی اور تمام اداروں کو عوامی خدمت اور امن کے قیام کے لیے متحرک رکھا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button