انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

ورلڈ ڈیفنس شو: JF۔17تھنڈر بلاک۔IIIنمائش کیلئے پیش

ملٹی رول فائٹر جیٹ جدید ایویانکس، اے ای ایس اے ریڈار، موثر الیکٹرانک وار فیئر نظام اور بی وی آر میزائل جیسی جنگی صلاحیتوں سے لیس: آئی ایس پی آر

راولپنڈی ( ویب ڈیسک ) پاک فضائیہ کا دستہ سعودی عرب میں منعقدہ ورلڈ ڈیفنس شو 2026میں شر یک ہے، جہاں جدید ترین JF۔17تھنڈر بلاک۔IIIملٹی رول فائٹر جیٹ اور سپر مشاق بیسک ٹرینر طیارہ نمائش کیلئے پیش کئے گئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ورلڈ ڈیفنس شو 2026دفاع اور سلامتی کے شعبے میں ایک ممتاز عالمی فورم ہے۔
اس نمائش میں پاک فضائیہ کی شرکت نے ایروسپیس جدت، آپریشنل قابلیت اور قابلِ اعتماد دفاعی معاملات کے ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر پاکستان کی عالمی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا ہے۔ ورلڈ ڈیفنس شو 2026میں شرکت پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی مقامی ایرواسپیس صنعت اور پی اے ایف کی آزمودہ عملی صلاحیتوں کی عکاس ہے۔
جے ایف۔17بلاک تھری پاکستان کی عسکری ہوا بازی ٹیکنالوجی کا اعلیٰ ترین مظہر ہے اور جدید ایویانکس، اے ای ایس اے ریڈار، موثر الیکٹرانک وارفیئر نظام اور بی وی آر میزائل جیسی جنگی صلاحیتوں سے لیس ہے جو اسے جدید فضائی افواج کی عملی ضروریات کو پورا کرنے والا ایک طاقتور 4.5جنریشن فائٹر طیارہ بناتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سپر مشاق تربیتی طیارہ پائلٹ ٹریننگ کے میدان میں پاکستان کی مضبوط صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے۔
اپنی قابلِ اعتماد کارکردگی، کم لاگت اور آسان دیکھ بھال کے باعث سپر مشاق کو متعدد دوست ممالک اپنی فضائی افواج میں شامل کر چکے ہیں اور یہ دنیا بھر میں بنیادی پرواز کی تربیت کیلئے ایک معیاری پلیٹ فارم کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے۔
ورلڈ ڈیفنس شو 2026میں پاک فضائیہ کے دستے کی شرکت پاک فضائیہ کی قیادت کے وژن کی عکاس ہے جو دفاعی تعاون و برآمدات کے فروغ اور دوست ممالک کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کو مضبوط بنانے پر عمل پیرا ہے۔ نمائش کے دوران عالمی وفود، دفاعی حکام اور عسکری صنعت کے نمائندوں کو تعاون، تربیت اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے مواقع میسر آئیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button