لاہور،راولپنڈی(بیوروچیف سے ،ویب ڈیسک)رائیونڈ کے علاقےمیں ڈاکوؤں نے نجی کمپنی کے مینجر سے 9لاکھ روپے چھین لیے اور مزاحمت کرنے پر اسے گولیاں مار کر قتل کر دیا، بعد ازاں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتول ندیم بہاولنگر کا رہائشی تھا اور کمپنی کی رقم لینے کیلئے لاہور آیا تھا، وہ 9لاکھ روپے لے کر جا رہا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار تین ڈاکو ؤں نے ندیم سے پیسے چھین لیے اور مزاحمت کرنے پر اسے گولی مار دی۔
ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ سے ان کا ایک ساتھی انتظار بھی زخمی ہو گیا، ڈاکوؤں نے زخمی ساتھی کو اٹھانے کی کوشش کی تاہم وہ موقع پر ہی دم توڑ گیادونوں ڈاکو اپنے ساتھی کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
دریں اثنا راولپنڈی میں کزن کو قتل کر کے لاش جلانے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے گزشتہ ماہ اپنے خالہ زاد بھائی کو اغواکرکے قتل کیا تھا جو پرائز بانڈ کا کام کرتا تھا اور جب وہ لاپتہ ہوا تو ایک کروڑ پینتالیس لاکھ روپے لے کر جا رہا تھا۔
قاتل صابن فیکٹری کیلئے چربی پگھلانے کا کام کرتا تھا، ہیومن انٹیلی جنس کی بنیاد پر ملزم کو پکڑا گیا اور اقبال جرم کرواکے پیسے برآمد کر لیے گئے۔پولیس نے بتایا کہ مقتول کی لاش اس لیے نہیں ملی کہ قاتل نے اسے چربی پگھلانے والی کڑھائی میں ڈال کر پگھلادیا تھا، ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اس دوران مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔



