راولپنڈی:خاتون نےتشدد،سوتن کا 4سالہ بچہ مارڈالا
نوشہرہ میں دوسری شادی پر جھگڑا، شوہر کی فائرنگ سے راہگیر بچہ جاں بحق،بیوی،بیٹا زخمی
راولپنڈی،نوشہرہ (ویب ڈیسک) تھانہ سول لائنز راولپنڈی کے علاقے میں خاتون نے تشدد کرکے سوتن کے کمسن بچے کو قتل کر دیا۔
واقعہ عزیز کالونی گلی نمبر 27میں پیش آیا،4سالہ عبدالہادی کا والد کینٹ بورڈ راولپنڈی کا ملازم ہے، بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ماں شہناز بی بی کے حوالے کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق بچے کی گردن،بائیں بازو،بائیں ٹانگ کے گھٹنے اور دائیں پنڈلی پر زخم کے نشانات ہیں۔
دریں اثنا نوشہرہ اسماعیل خیل وتڑ میں دوسری شادی کرنے پر پہلی بیوی او ر شوہر میں تکرار ہو گئی، جس پر شوہر امتیاز علی مشتعل ہو گیا اور اس نے فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے گلی میں کھیلتا آٹھ سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزم کی بیوی آسیہ امتیاز اور نوجوان بیٹا جواد علی زخمی ہوگئے۔
ملزم امتیاز علی فرار ہو گیا،تھانہ نوشہرہ کینٹ میں مقتول بچے اسماعیل خان کے والد شفیق الرحمٰن کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔



