انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

غزہ: اسرائیل نے زمینی آپریشن شروع کر دیا، مزید95فلسطینی شہید : جماعت اسلامی کا آج ملک گیر احتجاج

امریکہ غزہ پر بمباری اور دہشتگردی میں شریک، سفارتخانے اور قونصل خانوں کی طرف پر امن مارچ کیا جائیگا، پاک افغان کشیدگی دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں، حافظ نعیم الرحمان

غزہ،لاہور ( ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج کے غزہ پر ہیبت ناک بمباری میں مزید95 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ ہزاروں پھر سے دربدر ہونے پر مجبور ہوگئے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تین روز میں 530سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں 200سے زائد بچے شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں زمینی آپریشن شروع کر دیا، اسرائیلی فوج نے بیت لاہیا میں زمینی آپریشن شروع کیا۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے بیت لاہیا سے بے گھر فلسطینیوں کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ دی تھی، بے گھر فلسطینی پھر سے علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔ ادھر القسام بریگیڈز نے غزہ سے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر متعدد راکٹ حملے کئے۔ ان حملوں کے دوران اسرائیلی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے۔
اسرائیل نے القسام بریگیڈز کی جانب سے فائر کئے گئے راکٹ مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے حملے بند کرنے اور یرغمالیوں کو رہا کرانے کا مطالبہ کیا۔
دوسری طرف جماعت اسلامی نے غزہ میں حالیہ اسرائیلی حملوں کے خلاف آج نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے شہروں میں امریکی سفارت خانے اور قونصل خانوں کی طرف پرامن مارچ کیا جائے گا۔ لاہور میں مسجد شہدا سے امریکی قونصلیٹ تک احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کیا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں اور حکومت و اپوزیشن کو بھی اس معاملے پر موثر موقف اختیار کرنے پر مجبور کریں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کی جانے والی تازہ بمباری میں سیکڑوں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ علاقے کی ناکہ بندی کر کے اشیائے خورونوش کی ترسیل روکنے کے بعد بمباری کی گئی، جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور متعدد لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے اس بمباری کو اپنی مشاورت سے کیا گیا حملہ قرار دے کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ براہ راست اس دہشت گردی میں شریک ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم ممالک بالخصوص عرب قیادت کی مجرمانہ خاموشی اسرائیل کی جارحیت کو تقویت دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کے مسلمان، خاص طور پر پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ فلسطینی عوام کے حق میں کیا عملی اقدام اٹھاتا ہے۔ انہوں نے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی سیاست دان امریکی خوشنودی حاصل کرنے میں مصروف ہیں اور فلسطینیوں کے حق میں موثر آواز بلند نہیں کر رہے۔ اگر پاکستان کوئی جارحانہ پالیسی اختیار کرے تو عالمی برادری اس کی بات سننے پر مجبور ہو جائے گی، لیکن ہمارے حکمرانوں نے ہمیں کمزور اور بے اثر بنا دیا ہے۔ افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں ہے۔ عالمی طاقتیں، خاص طور پر امریکہ، دونوں ممالک کو آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ خطے میں بدامنی برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان کے ساتھ اپنے معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے چاہئیں، جبکہ افغان حکومت کو بھی اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صرف آپریشن کافی نہیں بلکہ اس کے بنیادی اسباب کو سمجھنا اور ختم کرنا بھی ضروری ہے، ورنہ یہ مسئلہ جڑ سے ختم نہیں ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایک مخصوص لابی اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو نہ صرف قومی مفادات کے خلاف ہے بلکہ نظریہ پاکستان سے بھی متصادم ہے۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا اور واضح کیا تھا کہ پاکستان کبھی بھی اسے تسلیم نہیں کرے گا۔ اگر موجودہ حکمرانوں نے اسرائیل کے ساتھ کسی بھی طرح کے تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوام پر اضافی ٹیکسوں کے بوجھ پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں اور غیر ضروری ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے، لیکن حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں اور عوامی مسائل سے لاتعلق دکھائی دیتے ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور حکومت پر دبائو ڈالے گی کہ وہ مہنگائی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 14اپریل کو بلوچستان کی صورتحال پر ایک اہم اجلاس منعقد کر رہی ہے، جس میں تمام سیاسی جماعتوں اور بلوچ قیادت کو مدعو کیا جا رہا ہے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے وہاں احساسِ محرومی بڑھ رہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد بلوچستان کے مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے حل کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا ہے تاکہ وہاں کے عوام کو ان کے حقوق دئیے جا سکیں اور ان کے مسائل کا منصفانہ حل نکالا جا سکے۔
آج احتجاج

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button