لاہور: ( کرائم رپورٹر) شوہر کے سامنے بیوی کا گینگ ریپ کرنے والا تیسرا ملزم بھی ہلاک ہوگیا۔سی سی ڈی ماڈل ٹائون کی ٹیم اور ملزمان کے درمیان چوہنگ تھانے کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں زاہد نامی ملزم ہلاک ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی ماڈل ٹائون کی ٹیم کو مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، اس دوران فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سی سی ڈی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے دوران زاہد نامی ملزم مارا گیا جبکہ مقابلے میں پولیس اہلکار اور ان کی گاڑیاں مکمل طور پر محفوظ رہیں۔
سی سی ڈی ماڈل ٹائون کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والا ملزم زاہد چوہنگ گینگ ریپ کیس میں نامزد تیسرا ملزم تھا ۔ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔ مزید تفتیش جاری ہے ۔



