انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترینکاروبار

ایف بی آر 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیرالتوا کیسز نمٹائے: وزیراعظم

صنعتی ترقی ،پیداوار بڑھانے کیلئے بجٹ میں مزید اقدامات کرینگے،پاکستانی سرمایہ کار جوائنٹ وینچرز کے ذریعے الیکٹرک وہیکلز کی مقامی پیداوار کو فروغ دیں: تاجروں، صنعتکاروں سے گفتگو

اسلام آباد :(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے ایف بی آر کو 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التوا کیسز نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ مسلسل محنت سے معیشت کو استحکام ملا، تیز تر معاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ، صنعتی ترقی اور پیداوار بڑھانے کے لئے آئندہ بجٹ میں مزید اقدامات اٹھائینگے۔

وزیراعظم سے ملک بھر کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعلیٰ قیادت کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعظم کو آئندہ بجٹ اور ملک کی مجموعی معاشی ترقی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ وزیراعظم نے کہامسلسل محنت سے معیشت کو استحکام ملا، تیز تر معاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ، صنعتی ترقی اور پیداوار بڑھانے کے لیے آئندہ بجٹ میں مزید اقدامات اٹھائینگے۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کو 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التوا کیسز نمٹانے کی ہدایت کی ۔

وزیر اعظم نے کہا برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ہمارا مشن ہے اور اجتماعی کاوشوں سے اس مشن کی تکمیل یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافے کے باوجود ایکسپورٹ ری فائنانس سکیم کی شرح جون 2027 تک 4.5 فیصد پر برقرار رہے گی، برآمد کنندگان کی سہولت کیلئے بینکوں کا یہ فیصلہ قابلِ تحسین ہے۔ وزیراعظم نے کاروباری برادری کی سہولت کیلئے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) کا مرکزی دفتر کراچی منتقل کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیر اعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کاروباری برادری کی درخواست پر گجرات میں پاسپورٹ کا دفتر کھولنے کی ہدایت کی ۔ شہبازشریف نے کہاکہ ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کے لئے اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی ہمارے معاشی ایجنڈے کا ہم حصہ ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستانی سرمایہ کار جوائنٹ وینچرز کے ذریعے الیکٹرک وہیکلز کی مقامی پیداوار کو فروغ دیں۔

وفد کے شرکاء نے وزیراعظم، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خلیج کی کشیدہ صورتحال میں امن کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا ۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کے زیرصدارت آزاد کشمیر میں انتخابات کے انعقاد اور مہاجرین کی نشستوں کے بارے اجلاس ہوا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہاجرین نشستوں سے متعلق حتمی فیصلہ سیاسی اتفاقِ رائے اور آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ اجلاس میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی 9 جون کی ہڑتال اور احتجاجی کال کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

مزیدبرآں وزیراعظم کے زیر صدارت انکے حالیہ دورہ چین کے دوران منعقدہ پاکستان۔چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس کے دوران لئے گئے فیصلوں کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور چین کے نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط میں غیر معمولی اضافہ دونوں ممالک کی اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔

وزیر اعظم نے کہا چین کے ساتھ صنعتی، زرعی اور تکنیکی تعاون کے فروغ سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چین کی اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز اور پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (PARC) کے درمیان تعاون کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور پاک۔چین مشترکہ منصوبوں کے ذریعے پاکستان کے زرعی شعبے میں انقلابی تبدیلی لائی جا سکے گی۔

دریں اثناء وزیراعظم سے وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال، ارکان قومی اسمبلی افتخار نذیر اور افضل کھوکھر نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button