پاکستانتازہ ترینکاروبار

موخر ادائیگی پر 1.20ارب ڈالر کا تیل، سعودی عرب سے معاہدہ طے پا گیا

ترقی، خوشحالی کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کامیاب نہیں ہونے دینگے، عسکری قیادت، سپہ سالار اور افواج حکومت سے ملکر پر امن بلوچستان کیلئے دن رات کوشاں ہیں، شہباز شریف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان اور سعودی فنڈ برائے ترقی کے درمیان ایک سال کے لئے 1.20ارب ڈالر کے تیل کی موخر ادائیگی کا معاہدہ طے پا گیا، جو پٹرولیم مصنوعات کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنا کر پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو گا جبکہ مانسہرہ میں واٹر سپلائی سکیم کے لئے 41ملین ڈالر کی فراہمی کے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آئل امپورٹ فنانسنگ کی سہولت اور مانسہرہ، خیبر پختونخوا میں گریویٹی فلو واٹر سپلائی سکیم معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز اور سی ای او ایس ایف ڈی سلطان بن عبدالرحمان المرشد نے اپنی اپنی حکومتوں کی جانب سے معاہدوں پر دستخط کئے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم سے سعودی فنڈ برائے ترقی کے وفد نے فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان بن عبدالرحمان المرشد کی قیادت میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کا حوالہ دیتے ہوئے صحت، توانائی، انفراسٹرکچر اور تعلیم کے شعبوں میں پاکستان کو مالی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ 2022ء کے تباہ کن سیلاب کے بعد تعمیر نو کے لئے سعودی فنڈ برائے ترقی کی کوششوں کو سراہا۔ سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سعودی وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو جاری منصوبوں بشمول مہمند ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، مالاکنڈ ریجنل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور سعودی گرانٹس کے ذریعے فنڈ کئے گئے دیگر منصوبوں کے بارے پیشرفت سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے سعودی فنڈ برائے ترقی کی امداد کو سراہتے ہوئے گرین انرجی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں فنڈ کے ساتھ اشتراک کے نئے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جن کے ذریعے پاکستان کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ ایس ایف ڈی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے مشترکہ منصوبوں پر جلد کارروائی کی یقین دہانی کرائی اور اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ سعودی عرب شاہی خاندان کی قیادت میں پاکستان کو ہر ممکن مدد اور مسلسل تعاون فراہم کرے گا۔ وزیر اعظم نے سی ای او اور وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور شاہی خاندان کے تمام ارکان بالخصوص خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر اقتصادی امور ڈویژن احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور معاون خصوصی برائے وزیراعظم طارق فاطمی، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی وفد کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثنا وزیر اعظم نے آئل امپورٹ فنانسنگ فیسلٹی پر دستخط کا خیرمقدم کیا جس کے مطابق پاکستان کو ایک سال کے لئے 1.20ارب ڈالر کا تیل موخر ادائیگی پر ملے گا۔ یہ منصوبہ فوری مالیاتی بوجھ کو کم کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنا کر پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔
سعودی فنڈ برائے ترقی مانسہرہ خیبر پختونخوا میں گریوٹی فلو واٹر سپلائی سکیم کے لئے 41ملین ڈالر رعایتی قرضہ فراہم کرے گا، اس سے مانسہرہ کے 150000مقامی لوگوں کو پینے کے صاف پانی تک رسائی حاصل ہو گی اور 2040ء تک 201249افراد کی پانی کی طلب کو پورا کیا جا سکے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button