قوال بدرعلی اور بہادرعلی کی جاپان،قاہرہ میں شاندارپرفارمنس،سماں باندھ دیا
لاہور (کلچرل رپورٹر) قوال بدر علی اور بہادر علی برادران جاپان میں اپنی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کے بعد اب مصر کے شہر قاہرہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے ، مصر میں 18ویں عالمی سماء انٹرنیشنل فیسٹیول فار چانٹنگ اینڈ اسپریچوئل میوزک میں اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق معروف قوال بدر علی اور بہادر علی برادران نے قاہرہ میں ہونے والے فیسٹیول میں شرکت کی جہاں وہ مختلف تقریبات میں اپنی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں ،یہ فیسٹیول مصر اور عالمی سطح پر انتہائی نمایاں ثقافتی و فنکارانہ تقریبات میں شمار ہوتا ہے۔

سفارتخانہ پاکستان قاہرہ نےاس سال سماء فیسٹیول میں بدر علی اور بہادر علی قوال گروپ کی شرکت کا اہتمام کیا ہے، فیسٹیول مذہبی، صوفی ترانوں میں 18 برس کی تخلیقی اور جدت میں کامیابیوں کا جشن منا رہا ہے۔
یہ تقریب دنیا بھر کے ممتاز مذہبی نعت و ترانہ خوانوں، صوفی موسیقی کے گروہوں اور درویش رقص کے بین الاقوامی اجتماع کا روپ دھار چکی ہے،افتتاحی تقریب میں تمام مصری اور غیر ملکی گروپس کی متاثر کن كاركردگی رہی۔
بدر علی اور بہادر علی قوال گروپ نے سامعین کی کثیر تعداد بشمول غیر ملکی افراد و سفارتکاروں کے سامنے قوالی کی محصور کن اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئےداد وصول کی۔
اس سال بھی فیسٹیول تخلیقی فنون کے ایک بھرپور پروگرام کے ساتھ جاری ہے، جس میں "بین المذاہب مکالمہ” کے 11ویں ایڈیشن کو "یہاں ہم ایک ساتھ دعا کرتے ہیں” کے عنوان سے منایا جائے گا، جبکہ متعدد مصری اور بین الاقوامی گروپس شاندار پرفارمنس پیش کریں گے۔
یہ عالمی اجتماع مختلف ملکوں کی ثقافتوں اور فنون کو یکجا کرتا ہے، روابط کو فروغ دیتا ہے اور مصر کی منفرد ثقافتی شناخت کو اجاگر کرتا ہے۔



