لاہور،پشین،پشاور(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’’ منشیات سے پاک پنجاب صحت مند اور محفوظ پنجاب‘‘ کے تحت پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) نے لاہور میں منشیات سمگلنگ کے خلاف بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 71 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی چرس برآمدکر لی ہے جبکہ ایک منشیات فروش کوگرفتارکر لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق، کائونٹر نارکوٹکس فورس پنجاب کی لاہور ٹیم نے خفیہ اور مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر شیخوپورہ انٹرچینج کے قریب ناکہ بندی کی۔ دورانِ چیکنگ ایک مشکوک لوڈر وین کو پیشہ ورانہ انداز میں ٹریک کرتے ہوئے روکا گیا۔
جس کی تلاشی کے دوران گاڑی سے 71 کلو گرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد ہوئی۔ پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق، کارروائی کے دوران ایک منشیات فروش کو موقع پر گرفتارکر لیا گیا ہے جبکہ برآمد شدہ منشیات اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورک کا حصہ معلوم ہوتی ہیں۔دریں اثنا اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) نے ڈسٹرکٹ پشین میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے یا رو میں ہوٹل کے قریب کھڑی ایک گاڑی سے 48کلوگرام چرس برآمد کر لی اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ادھرمحکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا نے منشیات کے خلاف بڑا کریک ڈائون شروع کر دیا جس میں مہمند اور صوابی میں مشترکہ گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ ضلع مہمند تحصیل امبار میں 37 ایکڑ غیر قانونی پوست کی فصل تلف کی گئی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں جس میں بیر گلی صوابی میں بڑے رقبے پر کاشت کی گئی پوست کی فصل تباہ کردی گئی ہے۔



