اسلام آباد(ویب ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ٹو مقدمے کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے کارروائی کا نہیں، مزید انکوائری کا کیس قرار دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا۔
عدالت عالیہ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وجوہات پر مشتمل 14 صفحات کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔
فیصلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ بلغاری سیٹ کا تحفہ توشہ خانہ میں جمع نہ کرانے پر کارروائی نہیں بنتی، رولز کے مطابق تحفےکی رسید جمع نہ کرانے پر کارروائی کی جا سکتی تھی۔
اس میں کہا گیا کہ جب تحفہ جمع نہ کرانے پر کارروائی نہیں ہوسکتی تویہ مزید انکوائری کا کیس ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ضمانت کاغلط استعمال کریں توپراسیکیوشن ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کر سکتی ہے۔
یاد رہے کہ 20 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی 10 لاکھ روپے کے مچلکے اور 2 ضامنوں کے عوض ضمانت منظور کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت عالیہ نے اس وقت ایک صفحے پر مشتمل مختصر حکمنامے میں کہا تھا کہ درخواست گزار ضمانت کا غلط فائدہ نہ اٹھائے، جب تک کہ عدالت استثنیٰ نہ دے، درخواست گزار کو ہر سماعت پر ٹرائل کورٹ میں حاضر ہونا ہوگا۔
عدالت عالیہ اسلام آباد نے اپنے حکم نامے میں قرار دیا تھا کہ درخواست گزار ضمانت کا غلط فائدہ اٹھائے تو استغاثہ ضمانت واپس لینے کی درخواست دے سکتاہے، درخواست گزار کی درخواست ضمانت منظور کرنے کی وجوہات تفصیلی فیصلے میں دی جائیں گی۔



