راس الخیمہ میں پشاور میڈیکل سنٹرکی تیسری برانچ کا شاندار افتتاح
افتتاحی تقریب میں صدر شارجہ سنٹر چودھری خالد حسین ، شاہد خان ، امتیاز غازی ، محمد ارشد انجم اور اماراتی شخصیات کی خصوصی شرکت
راس الخیمہ (حافظ زاہد علی) پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر حب الوطنی اور خدمتِ انسانیت کی ایک دلکش مثال قائم کرتے ہوئے، معروف پاکستانی معالج اور پشاور میڈیکل سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمود رحمان نے راس الخیمہ میں پشاور میڈیکل سینٹر کی نئی شاخ کا باوقار افتتاح کر دیا۔
تقریب میں پشاور میڈیکل سنٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمود الرحمان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا

یہ سینٹر اس سے قبل شارجہ اور عجمان میں اپنی معیاری اور کم لاگت طبی سہولیات کے ذریعے پاکستانی و دیگر کمیونٹی کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔افتتاحی تقریب میں پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر چوہدری خالد حسین مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے، جبکہ پاکستان کمیونٹی کی معروف شخصیات، سماجی رہنما اور معزز مہمان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

تقریب کا ماحول قومی جذبے اور سبز و سفید رنگوں سے سجا ہوا تھا، جو وطن سے محبت کا عکاس تھا۔مہمانِ خصوصی چوہدری خالد حسین نے اپنے خطاب میں کہا:“ڈاکٹر محمود رحمان اور ان کی ٹیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے حقیقی معنوں میں ایک قیمتی سرمایہ ہیں۔

وطن سے دور رہتے ہوئے بھی خدمتِ خلق اور عوامی سہولت کے ایسے منصوبے نہ صرف کمیونٹی کی ضروریات پوری کرتے ہیں بلکہ پاکستان کا نام بھی دنیا میں روشن کرتے ہیں۔ ہم سب کو اس جذبے سے سیکھنا چاہیے اور کمیونٹی کی بھلائی کے لیے اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔”میزبان اور پشاور میڈیکل سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمود رحمان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:“یومِ آزادی کے بابرکت دن اس سینٹر کا افتتاح میرے لیے اعزاز ہے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ کمیونٹی کو عالمی معیار کی طبی سہولیات مناسب قیمت پر فراہم کی جائیں، جو ایک صدقۂ جاریہ کے مترادف ہے۔

ہم نے 13 اگست سے 23 اگست تک خصوصی پچاس فیصد رعایتی پیکیج رکھا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔”تقریب میں جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور مہمانوں نے پشاور میڈیکل سینٹر کی جدید سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے ڈاکٹر محمود رحمان کی کاوش کو سراہا۔
پشاور میڈیکل سینٹر راس الخیمہ میں جنرل میڈیسن، ڈینٹل سروسز، لیبارٹری ٹیسٹ، میڈیکل چیک اپ اور دیگر خصوصی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ میں دانتوں کی صفائی، فلنگ، ایکس رے، ایکسٹریکشن، اسکیلنگ اور دیگر جدید علاج کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ جشنِ آزادی کی مناسبت سے میڈیکل اور ڈینٹل ٹیسٹ و چیک اپ پر خصوصی پچاس فیصد رعایت 23 اگست تک جاری رہے گی۔




