حادثات،7افراد جاں بحق،لاہور سے 2 لاشیں برآمد
حافظ آباد میں دھند کے باعث کار کو حادثہ، 5افرادجاں بحق ، فیصل آباد میں خاتون، ڈی آئی خان میں نوجوان لقمہ اجل بن گیا
لاہور، حافظ آباد (بیوروچیف سے /نمائندگان ) گوجرانوالہ سے راولپنڈی جانے والی کار کو شدید دھند کے باعث حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق اور 2زخمی ہو گئے۔
حادثہ اصغر بھٹی چوک سرگودھا روڈ پر پیش آیا، جاں بحق افراد کی شناخت اﷲ دتہ ولد نیاز ،قاسم علی ولد سلامت علی ،کامران ولد نامعلوم ، عامر ولد نامعلوم اور کاشف ولد عبدالستار کے ناموں سے ہوئی ہےریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں محمد راشد اور عامر کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ دھند اور تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔ فیصل آبادمیں سرگودھا روڈ ملت چوک میں سڑک عبور کرتے تیز رفتار بس کی زد میں آکر خاتون زاہد ہ بی بی جاں بحق جبکہ اس کا بیٹا عاطف اور بیٹی آصفہ زخمی ہوگئی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں قومی شاہراہ پر دانہ سر کے مقام پر تیزرفتار بس کی ٹکر سے موٹرسائیکل نوجوان عجب خان جاں بحق جبکہ اس کا دوست زخمی ہو گیا، موقع پر موجود مشتعل افراد نے بس کو آگ لگا دی۔ شیرانی پولیس نے زخمی اور لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
لاہور میں نیازی اڈے کے قریب ٹریکٹر ٹرالی ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا، حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور کو نیند آ گئی اور وہ ٹریکٹر پر قابو نہ رکھ سکا۔
علاوہ ازیں لاہور کے علاقے شاہدرہ میں کامران پارک سے 50سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی جبکہ کوٹ لکھپت میں فیروز پور روڈ پر فٹ پاتھ سے 40سالہ شخص کی لاش ملی،جن کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی،پولیس نے لاشیں مردہ خانے منتقل کر دیں۔



