پاکستانتازہ ترین

لاہور میں 3 منزلہ مکان منہدم، ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق، 6 زخمی؛ فیصل آباد میں چھت گرنے سے 2 بچے زندگی کی بازی ہار گئے

لاہور، فیصل آباد (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں بارشوں کے باعث خستہ حال تین منزلہ مکان منہدم ہونے سے خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی کارروائی کے بعد تمام متاثرین کو ملبے سے نکال لیا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔

ریسکیو حکام کے مطابق ہربنس پورہ کے علاقے بھٹہ محمد دین کالونی، سکھ نہر کے قریب تین بھائی اپنے خاندانوں سمیت ایک ہی تین منزلہ مکان میں رہائش پذیر تھے، جبکہ ان کی بہن بھی اپنے بچوں کے ساتھ مہمان کے طور پر موجود تھی۔ مکان کچا اور ٹی آر گارڈر پر مشتمل تھا، جبکہ حالیہ بارشوں کے بعد اوپری چھت پر مٹی ڈالنے سے اس پر اضافی بوجھ پڑ گیا۔ اچانک اوپری چھت نیچے والی منزل پر آ گری اور چند لمحوں میں پورا ڈھانچہ منہدم ہوگیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد کی لاشیں ملبے سے نکالی گئیں جبکہ 6 زخمیوں کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 50 سالہ شاہدہ، 60 سالہ ثمینہ، 24 سالہ کومل، 23 سالہ مجاہد، 22 سالہ احد علی، 12 سالہ حسنین، 8 سالہ حماد، 7 سالہ نیلم سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے ہوئے بتایا کہ ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری اور خصوصی ٹیکنیکل ٹیموں کی مدد لی گئی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار کو واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تفصیلی انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا اظہارِ افسوس

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے، جاں بحق افراد کی تدفین کے انتظامات مکمل کرنے اور متاثرہ علاقے میں حفاظتی اقدامات کے تحت ملحقہ گھروں کو بھی خالی کرانے کی ہدایت کی۔

فیصل آباد میں بھی بارش کے باعث چھت گر گئی

دوسری جانب فیصل آباد کے علاقے چک نمبر 219 ر۔ب، ٹلیانوالہ میں بارش کے باعث سنگل اسٹوری مکان کی خستہ حال چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 6 ماہ کا محمد رضوان اور 5 سالہ محمد سبحان جاں بحق ہوگئے، جبکہ رزوانہ زوجہ محمد ادریس اور 6 سالہ محمد احمد شدید زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button