
پشاور/کوئٹہ (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں فتنہ الخوارج کے دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی، جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد سے بھری دو گاڑیاں تباہ کر دیں اور چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
ہنگو میں شہداء کی نماز جنازہ میں سول و عسکری حکام، پولیس افسران، اہلکاروں، شہداء کے اہل خانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ ہنگو کی خزینہ بانڈہ پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 10 اہلکار شہید جبکہ 28 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کے مطابق حملے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس میں 15 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قیامِ امن حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پولیس فورس کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
خضدار میں بڑی دہشتگرد کارروائی ناکام
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر مبنی کامیاب آپریشن کے دوران بارودی مواد سے بھری دو گاڑیاں تباہ کر دیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30 جولائی کو کیے گئے آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم "فتنہ الہندستان” سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں گاڑیوں کو وہیکل بورن امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائسز (VBIEDs) کے طور پر تیار کیا گیا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے ان کی نقل و حرکت بروقت ٹریس کرتے ہوئے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دونوں بارودی گاڑیاں تباہ اور انہیں چلانے والے چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشتگردی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
خاران میں دو ٹرک نذرِ آتش
ادھر بلوچستان کے ضلع خاران میں نامعلوم مسلح افراد نے سی پیک روڈ پر ناکہ بندی کے دوران دو ٹرکوں کو آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق دونوں ٹرک مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئے، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔



