لاہور، اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مختلف حادثات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 8 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں 5 اگست تک مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے شروع ہونے والے مون سون سیزن کے دوران اب تک ملک بھر میں 121 افراد جاں بحق جبکہ 381 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 55 بچے، 41 مرد اور 25 خواتین شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 55 اموات خیبرپختونخوا میں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ پنجاب میں 45، آزاد کشمیر میں 10، بلوچستان میں 8، سندھ میں 2 اور گلگت بلتستان میں ایک شخص جان کی بازی ہار چکا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، بلوچستان، پنجاب اور سندھ میں وقفے وقفے سے بارشوں اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جس کے باعث دریاؤں، برساتی ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
اتھارٹی کے مطابق بلوچستان اور پنجاب کے پہاڑی برساتی نالوں میں اچانک طغیانی آ سکتی ہے، جبکہ نشیبی اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
دوسری جانب لاہور میں بارش کے باوجود گرمی، حبس اور گھٹن کی کیفیت برقرار رہی۔ ہواؤں کی رفتار کم ہونے کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی نہ آسکی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران لاہور میں مزید بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد رہا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کے چوتھے اسپیل کے تحت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارش کا امکان ہے، جس سے موسم میں مزید تبدیلی متوقع ہے۔



