پاکستانتازہ ترین

خواتین پنجاب کی ترقی کی طاقت ہیں، صوبہ ہر میدان میں سبقت لے چکا ہے: مریم نواز

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خواتین پنجاب کی ترقی کی اصل طاقت ہیں اور ان کی صلاحیتوں کی بدولت صوبہ گڈ گورننس، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کے ہر میدان میں سبقت لے چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں خواتین وزیراعلیٰ، پولیس، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور دیگر اہم انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے رہی ہیں، جبکہ خواتین کو بااختیار بنا کر ترقی کے عمل میں برابر کا شریک کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو لیڈی ریکروٹ کلاس کورس 18 کی پاسنگ آئوٹ
تقریب کے دوران کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج کیپٹن سہیل پینٹنگ پیش کر رہے ہیں

لاہور میں لیڈی ریکروٹ کلاس 18 کورس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی بیٹیوں کی کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے نئی بھرتی ہونے والی خواتین اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی یونیفارم، والدین اور ڈیوٹی کا ہمیشہ احترام کریں اور دیانت داری، محنت اور جذبۂ خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

مریم نواز نے لیڈی ریکروٹس کے والدین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے معاشرتی رکاوٹوں کی پروا کیے بغیر اپنی بیٹیوں کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کو محفوظ، بااختیار اور باوقار ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب انہوں نے حکومت سنبھالی تو بعض لوگوں کا خیال تھا کہ امن و امان قائم رکھنا اور حکومت چلانا خواتین کا کام نہیں، مگر آج پنجاب کی کارکردگی پوری دنیا کے لیے مثال بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی شرح تاریخ کی کم ترین سطح پر آ چکی ہے اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر کو فوری قانون کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں یہی خواتین ہائی وے پٹرولنگ، ڈی پی او، ڈی آئی جی اور دیگر اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دیں گی۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی پنجاب پر زور دیا کہ پنجاب پولیس میں پہلی خاتون آئی جی کی راہ بھی ہموار کی جائے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے وہاڑی، لودھراں، قصور، گجرات، نارووال، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں جدید ایئرکنڈیشنڈ، وائی فائی، سی سی ٹی وی اور چارجنگ پورٹس سے آراستہ الیکٹرک بس سروس کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب پنجاب کے 36 اضلاع میں مجموعی طور پر 588 الیکٹرک بسیں عوام کو سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں اور حکومت کا مقصد ہر شہری کو محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت مہیا کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے دورے کے دوران بھی گرین بس منصوبے کی بے حد پذیرائی دیکھنے میں آئی، جو اس منصوبے کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔

علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور امن دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button