
پشاور، کوئٹہ (ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے میں شہید 10اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں سول انتظامیہ پولیس افسروں اور شہریوں نے شرکت کی۔ خیال رہے کہ ہنگو کی خزینہ بانڈہ چوکی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 10پولیس اہلکار شہید، 28اہلکار زخمی ہوئے۔
جبکہ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ حملے کے بعد جوابی آپریشن میں 15دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کا نوٹس لے لیا اور آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ شہدا کے لواحقین کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، قیامِ امن ہماری اولین ترجیح ہے، پولیس فورس کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
دوسری جانب خضدار میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کے دوران بارودی مواد سے بھری دو گاڑیاں تباہ کر دیں، جن میں موجود 4دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 30جولائی کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں خفیہ اطلاع پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم ’’ فتنہ الہندستان‘‘ سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی۔
آپریشن کے دوران بارودی مواد سے بھری دو گاڑیوں کو جنہیں وہیکل بورن امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائسز کے طور پر تیار کیا گیا تھا، سکیورٹی فورسز نے ان کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگا کر انہیں روک لیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں بارودی گاڑیاں تباہ کر دیں، جبکہ انہیں چلانے والے بھارتی سرپرستی میں سرگرم چار دہشتگرد بھی ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے، وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ’’ عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل انسداد دہشتگردی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
ادھر خاران میں نامعلوم مسلح افراد نے 2ٹرکوں کو آگ لگادی۔ پولیس کے مطابق خاران کے علاقے سی پیک روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران 2ٹرکوں کو آگ لگادی جس سے ٹرک جل کر خاکستر ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس مزید کارروائی کر رہی ہے۔



