پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

غیر رجسٹرڈفلاحی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

پنجاب چیریٹی کمیشن کا اجلاس، اقدامات سے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے میں مدد ملی: ترجمان محکمہ داخلہ

لاہور: (جنرل رپورٹر) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام غیر رجسٹرڈ فلاحی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ یہ فیصلہ محکمہ داخلہ میں پنجاب چیریٹی کمیشن کے 23 ویں اجلاس میں لیا گیا۔

اجلاس میں کمشنرز چیریٹی کمیشن سید علی مرتضیٰ، کیپٹن (ر) اسد اللہ، اسامہ صدیق، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمن، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب چیریٹی کمیشن کرنل (ر) شہزاد عامر نے شرکت کی۔

اس موقع پر سی سی او نے کمیشن کے اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ یاد رہے کہ پنجاب میں تمام خیراتی اداروں کیلئے پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹریشن لازم ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب چیریٹی کمیشن کے موثر اقدامات سے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے میں مدد ملی۔ قانونی اور مثبت کردار ادا کرنے والی این جی اوز کا تحفظ اور باہمی تعاون محکمہ داخلہ کی ترجیح ہے۔ اجلاس میں رجسٹرڈ فلاحی اداروں کی افادیت بڑھانے اور معاشرے میں تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے فلاحی اداروں کی تربیت اور کیپسیٹی بلڈنگ پر زور دیا گیا۔

اجلاس کے دوران پنجاب چیریٹی کمیشن کی استعداد بڑھانے کیلئے کمیشن میں نئی بھرتیوں کیلئے سفارشات کی منظوری دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے تحت موثر اقدامات اٹھائے گئے جبکہ عالمی قواعد اور ملکی قوانین پر سختی سے عملدرآمد بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اجلاس میں اعادہ کیا گیا کہ فلاحی ادارے عوامی مفاد کیلئے ہیں اور رجسٹرڈ این جی اوز کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران رجسٹرڈ فلاحی اداروں میں بہتر تربیت کے اہتمام اور نوجوانوں کی شمولیت کو بھی سراہا گیا۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور فلاحی اداروں کے کام کو موثر بنانے کیلئے شہری اپنی زکوٰہ، خیرات اور عطیات صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ اداروں کو دیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button