مریم نواز کا سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ ، نقصانات کی رپورٹ طلب
ہر علاقے کی یکساں ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے: مریم نواز، چوہدری نصیر عباس اور ملک نور اعوان کی ملاقات
لاہور :(بیوروچیف) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے چکوال میں جاں بحق ہونے والے 5افراد کے لئے 50لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلی مر یم نوازشریف سیلاب زدہ علاقوں کا جائزہ لینے خود چکوال پہنچ گئیں۔ سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا ، چکوال میں سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا۔
سیلابی پانی کی نکاسی کے عمل کا مشاہدہ کیا۔بعد ازاں وزیراعلی نے ڈپٹی کمشنر آفس چکوال میں اجلاس کی صدارت کی۔ بارشوں کے دوران چھتیں وغیرہ گرنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے 50لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔ بارشوں کے دوران جاں بحق ہونے والے چکوال کے 4 اور تودہ گرنے سے افراد کے لواحقین کو 10، 10لاکھ روپے فی کس مالی امداد دی جائے گی ۔
ارکان اسمبلی اور ڈپٹی کمشنر متاثرہ افراد کے گھروں میں جا کر فوری طور پر چیک دیں گے۔ وزیراعلی صوبہ بھر میں سول ڈیفنس فور س کو دوبارہ پوری طرح فعال کرنے کا حکم دیا اور سول ڈیفنس فورس کے رضاکاروں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ٹریننگ کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے بارشوں کے اگلے سپیل سے قبل کچے مکان خالی کرانے کا حکم دیا، کچے گھروں میں مکین خاندانوں کو ریلیف کیمپ یا سرکاری عمارتوں میں قیام کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نوازشریف نے کہاکہ قدرتی آفات پر کسی کا کنٹرول نہیں، زندگی اور موت اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے۔ ڈوبنے، چھتیں وغیرہ گرنے اور کرنٹ لگنے سے ہلاکتیں ہوئی، لیکن حکومتی اداروں کا رسپانس قابل تحسین ہے ۔ اللہ کا شکر ہے پورے پنجاب میں انتظامی اداروں کی غفلت یا کوتاہی کی وجہ سے کوئی ڈیتھ نہیں ہوئی ۔
وزیراعلی نے سیلابی ریلوں کے دورا ن گرنے والی عمارتوں اورفصلو ں کے نقصانات کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کر لی۔ ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات نے سیلاب کے دوران اور بعد میں کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی ۔ ڈی پی او چکوال احمد محی الدین نے امن وامان کے بارے میں بریفنگ دی ۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے رکن قومی اسمبلی چوہدری نصیر احمد عباس اور مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اور اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
ہر علاقے کی یکساں ترقی اور عوامی فلاح کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔مثالی گاوں پراجیکٹ کے تحت دیہات میں شہروں جیسی اعلی معیار ی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ بیرون ملک پاکستانی ملک کا قابل فخر سرمایہ ہیں اور حکومت انکے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے کشمیری یوم الحاق پاکستان پراپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 19 جولائی 1947 کو کشمیری بھائیوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کر کے منزل کا تعین کیا۔ الحاق پاکستان قرارداد اس بات کی گواہ ہے کہ کشمیریوں کا دل ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
کشمیری عوام دہائیوں بعد بھی حق خودارادیت ملنے کے منتظر ہیں۔ مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد، قربانیوں اور لازوال حوصلے کو سلام پیش کرتی ہوں ۔ پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔پاکستان کشمیریوں کو حق دلانے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا۔
مزید برآں وزیراعلیٰ پنجابنے پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف کو ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ ماسٹر کیٹیگری کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباددی ہے۔ وزیراعلی نے کہاکہ محمد آصف نے محنت، مہارت اور عزم سے بھارتی حریف کو شکست دے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔ مریم نواز شریف نے چکوال کے علاقہ کھیوال میں مکان کی چھت گرنے سے باپ بیٹا کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیاہے۔



