جی ایچ کیو حملہ کیس،عمران خان کی جیل ٹرائل کے بجائے ویڈیو لنک پر پیشی
9مئی مقدمات میں عمر ایوب، شبلی فراز، کنول شوزب، زرتاج گل کو اشتہاری ملزمان قرار دینے کی قانونی کارروائی شروع
راولپنڈی:(ویب ڈیسک)انسداد دہشت گردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی آئندہ سماعت یکم اکتوبر کو ہوگی، بانی پی ٹی آئی عمران خان ویڈیو لنک پر شریک ہوں گے۔حکومت پنجاب نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
سرکاری پراسیکیوٹر اکرام منہاس نےہوم ڈیپارٹمنٹ کا جی ایچ کیو جیل ٹرائل منسوخی کا نوٹیفیکیشن عدالت میں پیش کر دیا۔سانحہ 9 مئی کے تمام 12 مقدمات کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی گئی، عدالت نے یکم اکتوبر کو جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی شرکت کیلئے وڈیو لنک انتظامات کا حکم دے دیا۔
جج امجد علی شاہ نے یکم اکتوبر کیلئے 3 گواہان کی طلبی کے نوٹس جاری کیےاورکہا تینوں گواہان کی عدالت میں پیشی یقینی بنائی جائے۔
نو مئی کے 11 مقدمات میں یکم اکتوبر کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی میں چالان کی نقول تقسیم ہونگی۔شاہ محمود قریشی لاہور جیل سے ویڈیو لنک پر شریک ہونگے،وزیر اعلی کے پی علی امین گنڈاپور پور کو بھی سمن جاری کردیا گیا، عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل، کنول شوزب وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔
عمر ایوب، شبلی فراز، کنول شوزب، زرتاج گل کو اشتہاری ملزمان قرار دینے کی قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
ہوم ڈیپارٹمنٹ کا جی ایچ کیو جیل ٹرائل منسوخی کا نوٹیفیکیشن عدالت میں پیش کر دیا گیا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کا نوٹیفیکیشن دینے کی درخواست دے دی۔



