پاکستانتازہ ترین

14 اگست پر مریم نواز کا تاریخی پراجیکٹ، پنجاب انٹیگریٹڈ سیف سٹی نیٹ ورک کا ڈیجیٹل افتتاح

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں قائم پنجاب انٹیگریٹڈ سیف سٹی نیٹ ورک کا ڈیجیٹل افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ 43 شہروں میں سیف سٹی کے قیام سے شہریوں کو جرائم اور مجرموں کے خوف سے آزادی ملی ہے، جبکہ ٹیکنالوجی، اسمارٹ پولیسنگ اور پیش گوئی پر مبنی پولیسنگ کے ذریعے پنجاب میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوئی ہے۔

پنجاب انٹیگریٹڈ سیف سٹی نیٹ ورک کے قیام کے بعد پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جہاں تمام 41 اضلاع اور 2 تحصیلوں میں مربوط سیف سٹی نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیف سٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی اور پنجاب انٹیگریٹڈ سیف سٹی نیٹ ورک کا ڈیجیٹل افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام اضلاع میں قائم سیف سٹی کیمروں اور اسکرینوں کا مشاہدہ بھی کیا۔

پولیس، سی سی ڈی اور سیف سٹیز اتھارٹی کی مشترکہ کاوشیں

تقریب میں بتایا گیا کہ پولیس، سی سی ڈی اور سیف سٹیز اتھارٹی کی مشترکہ کوششوں سے جرائم میں تقریباً 80 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب راشد عبدالکریم نے پنجاب پولیس کی معاونت کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سیف اسمارٹ سٹیز پراجیکٹ کو ہر تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک لے جانے کا اعلان کرتے ہوئے مزید 1500 پینک بٹن نصب کرنے کی ہدایت بھی کی۔ یہ پینک بٹن پولیس اسٹیشنز اور نمایاں عوامی مقامات پر نصب کیے جائیں گے۔

پنجاب میں ہر ضلع سیف سٹی بن چکا ہے: مریم نواز

مریم نواز نے یومِ آزادی کے موقع پر پنجاب انٹیگریٹڈ سیف سٹی نیٹ ورک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یومِ آزادی پر پنجاب کے تمام اضلاع میں قائم سیف سٹی نیٹ ورک کی تقریب کا انعقاد ان کے لیے اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ روشن چہروں اور جواں ہمت بچوں کو دیکھ کر یقین ہوتا ہے کہ پنجاب آگے بڑھ رہا ہے اور ہم اس ترقی پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ روجھان اور ہارون آباد جیسے دور دراز علاقوں سے آنے والے بچوں کا پولیس کمیونیکیشن آفیسر بننا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی کو دیکھ کر سر جھکا کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں۔

پنجاب ٹیکنالوجی اور اسمارٹ پولیسنگ میں لیڈ کر رہا ہے

مریم نواز نے کہا کہ 15 کی صورت میں عوام کے لیے ایک زبردست ڈیجیٹل نظام کام کر رہا ہے۔ پنجاب ٹیکنالوجی، اسمارٹ پولیسنگ اور پیش گوئی پر مبنی پولیسنگ میں لیڈ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی کا کریڈٹ شہباز شریف کو نہ دیا جائے تو زیادتی ہوگی۔ شہباز شریف میرے چچا، مینٹور اور سیف سٹی کے بانی ہیں۔ انہوں نے سیف سٹی کا راستہ تخلیق کیا جس پر چلتے ہوئے آج ہم یہاں پہنچے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اڑھائی سال میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب کا ہر ضلع سیف سٹی بن چکا ہے۔ ایک ہی اسکرین پر پورے پنجاب کا نظر آنا معمولی بات نہیں۔ پنجاب ٹیکنالوجی اور سیفٹی ماڈل میں قومی سطح پر لیڈر بن چکا ہے۔

اے آئی بیسڈ سسٹم اور اسمارٹ سرویلنس

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام تیار کیے جا رہے ہیں اور اسمارٹ سرویلنس کے ذریعے سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیش گوئی پر مبنی پولیسنگ کے ذریعے صورتحال کی نگرانی کی جاتی ہے اور بروقت اقدامات کیے جاتے ہیں۔ ماضی میں پنجاب کے 70 سے زائد علاقے نو گو ایریا کہلاتے تھے جہاں شام کے بعد آمدورفت بند ہوجاتی تھی، لیکن اب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کچے سمیت پنجاب کا کوئی علاقہ نو گو ایریا نہیں رہا۔

کچے میں تقریباً 10 ماہ سے اغوا برائے تاوان کی واردات نہیں ہوئی: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کچے کے علاقے میں تقریباً 10 ماہ سے سنگین جرائم اور اغوا برائے تاوان کی کوئی واردات نہیں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ کچے کے علاقے میں پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کرکٹ ٹورنامنٹ کرایا گیا۔ بچوں کے ہاتھ میں ہتھیار کی جگہ بیٹ اور لانچر کی جگہ بال نے لے لی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ کچے کے علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری غیر معمولی پیش رفت ہے۔ کچے میں تقریباً 30 ارب روپے کی لاگت سے صحت سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے بھی لائے جا رہے ہیں تاکہ اس علاقے کو پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح ترقی دی جاسکے۔

سیف سٹی منصوبے کو عالمی سطح پر پذیرائی

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی کی افادیت، ٹیکنالوجی اور کارکردگی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے اور اسے کامیاب منصوبوں میں شامل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ورچوئل پولیس اسٹیشن کے ذریعے 11 لاکھ خواتین کو ریلیف فراہم کیا گیا، جبکہ سیف سٹی کے پینک بٹن کی تعداد بھی بڑھائی جا رہی ہے تاکہ بچوں اور خواتین میں تحفظ کا احساس مزید مضبوط ہو۔

مریم نواز نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو یقین ہونا چاہیے کہ حکومت ان کی فکر کرتی ہے اور ان کے تحفظ کے لیے موجود ہے۔

چائلڈ سیفٹی ایپ سے ایک لاکھ کیسز حل

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چائلڈ سیفٹی ایپ کے ذریعے ایک لاکھ کیسز حل کیے گئے جبکہ 80 ہزار بچوں کو ان کے خاندانوں سے ملایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ماں باپ کے سامنے بچہ گم ہوجائے تو وہ اسے کبھی نہیں بھول سکتے۔ اسی لیے بچوں کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی اہم ہے۔

مریم نواز نے بھکر کے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شوہر کو دل کی تکلیف ہونے پر ایک خاتون نے پینک بٹن دبایا تو پورا نظام فوری طور پر حرکت میں آگیا۔

ڈرون اور نائٹ ویژن کیمروں سے نگرانی

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈرون کیمروں کے ذریعے بارش، سیلاب، محرم، جلوسوں اور مجالس کی فضائی نگرانی کی گئی۔ جہاں بھی کوئی اہم ایونٹ ہورہا ہو، سیف سٹی کی آنکھ صورتحال کو مانیٹر کررہی ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے دوران نائٹ ویژن کیمروں کی مدد سے انسانوں اور جانوروں کی بھی نشاندہی ممکن ہوئی۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب وہ صوبہ ہے جہاں صرف انسانوں ہی نہیں بلکہ جانوروں کی بھی حفاظت کی جاتی ہے۔

سیف سٹی کیمرے پرندے کے ریسکیو میں بھی مددگار

مریم نواز نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کمرشل سینٹر میں آتشزدگی کے دوران امدادی کارروائیوں کی موبائل پر مانیٹرنگ کرتی رہیں اور عمارت سے آخری متاثرہ فرد کے نکالے جانے تک ڈیجیٹل نگرانی جاری رہی۔

انہوں نے کہا کہ ایک موقع پر سیف سٹی کیمرے نے تاروں میں پھنسے ایک پرندے کی نشاندہی کی، جس پر ریسکیو 1122 نے سیڑھی لگا کر پرندے کو آزاد کرایا۔

سیف سٹی نیٹ ورک یونین کونسل کی سطح تک لے جانے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب اب ہر ایک کے لیے محفوظ اور بہتر بن چکا ہے۔ پنجاب جاگ رہا ہے جہاں فیصلے اندھیروں میں نہیں بلکہ ڈیٹا کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں اور انسانی جانیں بچائی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے مشکل کی صورت میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔

مریم نواز نے اعلان کیا کہ سیف سٹی ماڈل کو ضلع سے تحصیل اور تحصیل سے یونین کونسل کی سطح تک لے جایا جائے گا اور یونین کونسل لیول تک مکمل سیف سٹی نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو یقین ہونا چاہیے کہ حکومت اسے دیکھ رہی ہے اور اسے کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دے گی۔

جرائم میں کمی کی بڑی وجہ کیمروں کی نگرانی ہے: مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سیف سٹی اور دیگر اقدامات کے باعث جرائم میں کمی آئی ہے کیونکہ مجرم جانتے ہیں کہ کیمرے کی آنکھ انہیں دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف لاہور میں کام نہیں ہورہا بلکہ ہر ضلع میں سیف سٹی نظر آئے گا۔ حکومت عوام کے لیے جاگ رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و آباد رکھے اور قومی پرچم کو سربلند رکھے۔

یومِ آزادی پر مریم نواز کا قوم کے نام خصوصی پیغام

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یومِ آزادی پر خصوصی پیغام میں پاکستان کی سالگرہ پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا۔

مریم نواز نے قائداعظم محمد علی جناحؒ، علامہ محمد اقبالؒ، محترمہ فاطمہ جناحؒ، زعما اور تمام اکابرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے قیامِ پاکستان، تعمیرِ پاکستان اور تحفظِ پاکستان کی جدوجہد کے شہداء اور غازیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلیٰ نے پاکستانی قوم کے ہر فرد، حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک، معرکۂ حق میں دفاعِ وطن کو ناقابلِ تسخیر بنانے والی افواجِ پاکستان اور سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہر جانباز سپاہی کو سلام پیش کیا۔

انہوں نے اساتذہ، طلبہ و طالبات، مزدوروں، کارکنوں، محنت کشوں اور ورکرز کو بھی یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔

ہر فرد تعمیرِ وطن میں اپنا کردار ادا کرے: مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ یومِ آزادی پر ہم سب کو تعمیرِ وطن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا وعدہ نبھانا ہوگا۔ ہم آنے والی نسلوں کو بہتر اور محفوظ پاکستان دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہر فرد اپنے حصے کا چراغ روشن کرے تو پورے وطن میں اجالا پھیل جائے گا۔ سوہنی دھرتی کو چار چاند لگانے کے لیے اخلاص اور احساسِ ذمہ داری ہی حقیقی حب الوطنی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان نسل کے لیے یومِ آزادی مستقبل سے عہدِ وفا نبھانے کا دن ہے۔ ہم نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کا دل لگا کر پڑھنا، اساتذہ کا دلجمعی سے پڑھانا، معالج کا مریض کی دیکھ بھال کرنا اور تاجر کی دیانتداری سے کاروبار کرنا ہی حقیقی حب الوطنی ہے۔

پاکستانی قوم دنیا کی بہترین قوم ہے: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا کی بہترین قوم ہے اور پاکستان دنیا کا بہترین ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر فرد کے لیے حقیقی ترقی وہی ہے جس میں کوئی پیچھے نہ رہ جائے۔ ہم دن رات محنت کرکے امید کے دیے روشن اور خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کررہے ہیں۔

مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محفوظ، ترقی یافتہ اور خوشحال پنجاب کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بہتر پولیسنگ اور عوامی فلاح کے منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button