لاہور:(محمد قیصر چوہان)پاکستان مائنارٹیز موومنٹ کے چیئرمین پیٹر چارلس سہوترا نے کہا ہے کہ پاکستان خدا کی ایک عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر جبکہ ہماری آن ،بان ، شان اور پہچان ہے ،کرسچن کمیونٹی نے پاکستان بنانے سمیت ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں ،یوم آزادی محض جشن کا دن نہیں بلکہ اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں، قیامِ پاکستان کے مقصد اور قومی اتحاد و یکجہتی کی تجدید کا دن ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستان مائنارٹیز موومنٹ کے چیئرمین پیٹر چارلس سہوترا نے کہا کہ آزادی کےلئے ہمارے آباﺅ اجداد نے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اپنا سب کچھ چھوڑ کر دنیا کی سب سے بڑی ہجرت کی لیکن ہماری آزادی اور خود مختاری آئی ایم ایف کے ہاتھ گروی رکھ دی گئی ہے اور پارلیمنٹ پر جاگیرداروں اور وڈیروں نے قبضہ کر لیا ہے۔
ملک سوہزارارب سے زیادہ کامقروض ہوچکا ہے ،عا م آدمی تعلیم،صحت اور روز گار جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم اور آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے،آزادی کا حقیقی مفہوم یہ ہے کہ پاکستان کا ہر شہری عزت، امن، انصاف اور بنیادی حقوق کے ساتھ زندگی گزار سکے۔
پاکستان مائنارٹیز موومنٹ کے چیئرمین پیٹر چارلس سہوترا نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم نے واضح کیا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں سمیت ہر شہری کو اپنے بنیادی حقوق حاصل ہوں گے ،آج ضرورت اس امر کی ہے کہ آئین پاکستان کی بالا دستی ، قانون کی حکمرانی ، انصاف ،مساوات اور شہری آزادیوں کو یقینی بنایا جائے،پاکستان مائنارٹیز موومنٹ ہمیشہ آئین اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے ملک میں ایسا نظام قائم کرنے کی جدوجہد کرتی رہے گی جہاں عوام کو بنیادی سہولیات روزگار ، تعلیم ، صحت اورانصاف میسر ہو۔



