لاہور(بیوروچیف) شہر میں ٹریفک حادثات سمیت مختلف واقعات میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق بادامی باغ میں ٹریفک حادثے میں 25 سالہ اسماعیل ، مزنگ میں ٹریفک حادثے میں 40 سالہ اعجاز اور گڑھی شاہو پل کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل کھمبے سے ٹکرانے کے باعث سوڈان کا شہری 22 سالہ معید جاں بحق ہو گئے، معید نجی یونیورسٹی یو ای ٹی کا طالبعلم تھا۔
علاوہ ازیں شمالی چھاؤنی میں صدر گول چکر کے قریب 45 سال نامعلوم شخص مردہ حالت میں پایا گیا جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔
بھاٹی گیٹ کے علاقے ٹکسالی چوک کے قریب 60 سالہ شخص حرکت قلب بند ہونے سے جاں بحق ہو گیا، متوفی کی شناخت 60 سالہ رفیق کے نام سے ہوئی ہے جو اعوان ٹاؤن لاہور کا رہائشی تھا۔ متعلقہ تھانوں کی پولیس نے لاشیں ایدھی رضاکاروں کی مدد سے مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔



