مریم نواز کا شہروں کی جدید خطوط پر تعمیر وترقی ، جاپان کے تجربات سے سیکھنے کا فیصلہ
وزیر اعلیٰ کا ”یوکو ہاما“ شہر کا دورہ ، ”سٹی ٹو سٹی“ تعاون پر اتفاق، ویسٹ ٹریٹمنٹ کیلئے جاپانی ٹیکنالوجی استعمال کرنیکا فیصلہ، ممکنہ کلاؤڈ برسٹ اورطوفانی بارشوں کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کی ہدایت
لاہور:(سلمان حسین )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہروں کی جدید خطوط پر تعمیر وترقی کیلئے جاپان کے تجربات سے سیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپان کے تجارتی، معاشی اور ثقافتی مرکز”یوکو ہاما“ (Yokohama)شہر کا دورہ کیا۔

یوکوہاما اور صوبہ پنجاب میں ماحولیات اور شہروں کو جدید ترقیاتی نظام فراہم کرنے سمیت مختلف شعبوں میں ”سٹی ٹو سٹی“ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کے وفد کو یوکو ہاما کے ٹاؤن ہال میں اربن ڈویلپمنٹ پر بریفنگ دی گئی۔
پنجاب میں سڑکوں اور عمارتوں کا تعمیراتی معیار جاپان کے برابر لانے پر بات چیت کی گئی۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی(روڈا) اور یوکو ہاما میں تعاون کے مختلف امکانات پر غور کیا گیا۔

لاہور اسلام آباد کے درمیان تیز رفتار ٹرین چلانے اور ریلوے اپ گریڈیشن میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جدید ترین جاپانی چیئر لفٹ اور ائیر کیبن منصوبوں کا جائزہ لیا۔ ”کن ہن“ ریجن میں واقع ٹوکیو، کاواساکی اور یوکو ہاما کے تین شہر جاپان کا صنعتی زون کہلاتے ہیں۔
علاوہ ازیںوزیراعلی پنجاب نے جاپان میں دورے کے دوران یوکو ہاما کی تاریخی ’سُرخ پتھروں کی عمارت‘کا دورہ کیا۔وزیراعلی مریم نوازنے ’یوکو ہاما ریڈ برِک وئیر ہاؤس‘ کے مختلف حصے دیکھے۔ بندرگاہ کے ساتھ آباد تاریخی اور قدیمی ’یوکو ہاما ریڈ برِک وئیر ہاؤس‘ کا نیا نام’نیو پورٹ پیئر بانڈڈ وئیر ہاؤس (Newport Pier Bonded Warehouse)ہے۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے وئیر ہاؤس میں کمیونٹی ویلفئیر کے تحت چلنے والے بچوں کو ہنرمندی سکھانے کے مرکز کا دورہ بھی کیا۔وزیراعلی مریم نواز نے بچوں کو کاغذ اور دیگر اشیاء سے چیزیں بناتے بھی دیکھا۔بچوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے مختلف نمونے بھی وزیراعلی مریم نواز کو دکھائے وزیر اعلی مریم نواز نے بچوں کو شاباش دی اور اُن سے گفتگو کی۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کمیونٹی ویلفئیر کے اس ماڈل کو پنجاب میں بھی فروغ دے رہے ہیں۔پنجاب کے بچوں کیلئے بھی جدید خطوط اور سہولیات کے ساتھ تعلیم اور ہنرمندی کا طریقہ اپنا رہے ہیں۔وزیراعلی مریم نواز نے ’ریڈ برِک وئیر ہاؤس‘ کی انتظامیہ کی بہترین کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی وزیراعلی کے ہمراہ تھیں۔علاوہ ازیںپنجاب میں ویسٹ ٹریٹمنٹ کیلئے جدید جاپانی ٹیکنالوجی استعمال میں لانے کا فیصلہ کیاگیا۔جاپان کی جدید ٹیکنالوجی اور طریقے پنجاب میں سیوریج اور ویسٹ مینجمنٹ کیلئے استعمال میں لائے جائیں گے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے جاپان کے سب سے بڑے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اساہی کو، یوکوہاماسٹی، کانا گاوا، وا شیماکو، ہوڈوگاوا کو کے ویسٹ ٹریٹمنٹ سسٹمز کا معا ئنہ کیا۔وزیراعلی پنجاب کو جاپان کے شہروں کے کوڑے کرکٹ، گندے پانی اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔یوکو ہاما آبادی کے لحاظ سے جاپان کا دوسر اسب سے بڑا شہر ہے۔یوکو ہاما سالڈ ویسٹ اینڈ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلان روزانہ 1.5 ملین میٹر ویسٹ واٹر کی صفائی کرتا ہے۔
یوکو ہاما ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کچرے سے توانائی بنانے والے کئی پلانٹ بھی چلارہا ہے۔اس توانائی کو مقامی آبادی کے لئے ہیٹنگ سسٹم یکلئے استعمال کیاجاتا ہے۔یوکو ہاما ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کچرے کو جدید ٹیکنالوجی اور طریقوں سے ٹھکانے لگانے کا مثالی ادارہ ہے۔جدید پلانٹ اور خودکار نظام کے ذریعے کچرے کو دوبارہ قابل استعمال بنانے والے اجزا کو الگ کیاجاتا ہے۔صنعتی شہر ہونے کے باوجود یوکو ہاما اعلی ترین ماحولیاتی معیارات میں سرفہرست ہے۔ مریم نواز نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ یوکوہاما کی ماحولیاتی اور شہری ترقی کے ماڈل کو پنجاب میں لاگو کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب نے ممکنہ کلاؤڈ برسٹ اورطوفانی بارشوں کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے،انتظامیہ،ریسکیو،پولیس اورمتعلقہ ادارووں کو الرٹ کر دیا۔
مریم نواز نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ڈاکٹرز اور عملے کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے سی اینڈ ڈبلیو کو بارشوں سے متاثرہ روڈز کی فوری بحالی،چکوال اور دیگراداروں میں موسلادھار بارش کے پیش نظرانتظا میہ اور اداروں کوہمہ وقت الرٹ رہنے کا حکم دیا۔وزیراعلی نے چکوال میں نشیبی علاقوں میں جان ومال کی حفاظت کے لئے دیگر اقدامات،ندی نالوں میں نہانے پر پابندی یقینی بنانے اورپولیس سکواڈکو گشت کی ہدایت کی۔
وزیراعلی نے سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں میں آبادی کا بروقت انخلا یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔وزیراعلی نے کہا کہ بارش سے متاثرہ چھوٹے بڑے راستوں سے رکاوٹیں ہٹا کر آمدورفت بحال کی جائے۔کلاؤڈ برسٹ اورموسلادھار بارشیں قدرتی آفت ہیں،صوبہ بھر میں انتظامیہ اور دیگر ادارے پوری طرح الرٹ ہیں۔ ممکنہ بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر تمام ادارے ہمہ وقت متحرک رہیں،کوتاہی قطعا برداشت نہیں۔



