سعودیہ: بین الاقوامی کھجور میلہ شروع،پیداوار،آمدن کتنی جان کرسب حیران

ریاض:(ویب ڈیسک):سعودی عرب کے شہر بریدہ کے جنوب میں واقع مرکز النخلہ گراؤنڈ میں’’بریدہ انٹرنیشنل کھجور میلہ‘‘شروع ہو گیا جو 14 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ گورنر قصیم ریجن شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی، نیشنل ڈیٹ اینڈ پام سینٹر کے تعاون سے فیسٹیول کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ عالمی سطح پر مذکورہ مارکیٹ کا شمار دنیا کی سب سے بڑی کھجور منڈیوں میں ہوتا ہے جو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج ہے۔
75 روز پرمشتمل میلے میں اندرون اور بیرون مملکت سے بھی وزیٹرز بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ قصیم ریجن میں منعقد ہونے والا سالانہ میلہ انتہائی اہم شمار ہوتا ہے، ریجن میں کھجور کے درختوں کی تعداد 11 ملین ہے، سالانہ 578 ہزار ٹن کھجور کی پیداوار حاصل ہوتی ہے۔ ریجن میں کھجور کے شعبے سے 4 ہزار سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع میسرآتے ہیں، کھجور کے شعبے سے سالانہ 3.2 بلین ریال کی آمدنی ہوتی ہے۔
کھجورمیلے میں انتظامیہ کی جانب سے ثقافت و علاقائی زراعت کے حوالے سے بھی مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں نخلستانوں کی دیکھ بھال اور کھجور کی پیداوار بہتر بنانے اور فصل کو محفوظ کرنے کے بارے میں بھی لوگوں کو اہم معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔



