معاشی ترقی کیلئے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر: وزیراعظم
نجکاری پروگرام کے تحت طے شدہ تمام اہداف، ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،دہشتگردی کیخلاف پولیس کا ہراول دستے کا کردار ، محسن نقوی کی ملاقات، اقبال چنڑ کے انتقال پرتعزیت
اسلام آباد:(خبرنگارخصوصی) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیرِ اعظم نے کہا نجکاری پروگرام کے تحت طے شدہ تمام اہداف اور ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، نجکاری کے مختلف مراحل کی بروقت تکمیل کے لئے متعلقہ وزارتیں اور ادارے باہمی رابطے سے کام کریں، زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا طریقہ کار اس انداز میں وضع کیا جائے کہ بینک کا بنیادی مقصد اور زرعی شعبے میں اس کا کردار برقرار رہے، یقینی بنایا جائے کہ نجکاری کے بعد بھی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی قرضوں اور مالی وسائل کی فراہمی پر زرعی ترقیاتی بینک کی توجہ برقرار رہے۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ کسانوں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے مالی وسائل تک رسائی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے زیر صدارت نجی سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی سے متعلق اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک میں سرمایہ کاری اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لئے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کیا جائے، ملک میں پبلک ایکویٹی مارکیٹ اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے فروغ کے لئے جامع روڈ میپ تیار کرکے جلد پیش کیا جائے تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے لئے فنڈز دستیاب ہوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے راہ ہموار ہو۔
وزیرِ اعظم نے گفتگو کے دوران کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کے لئے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے،معدنیات، زراعت، لائیو سٹاک، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور دیگر شعبے پاکستان کی معیشت کی ترقی کے بنیادی محرک بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مزیدبرآں وزیراعظم سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ملاقات میں ملکی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دریں اثناء وزیراعظم بہاولپور میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ اور ان کے بھائی ملک منیر اقبال چنڑ کی رہائش گاہ پر گئے اور سابق رکن قومی اسمبلی و سابق صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔
شہباز شریف نے کہا مرحوم نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اپنی سیاسی وابستگی اور وفاداری کو ہمیشہ مقدم رکھا اور ایک سیاسی رہنما کی حیثیت سے پارٹی کے لئے نمایاں کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نےیومِ شہدائے پولیس پر پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا،یومِ شہدائے پولیس پر ہم اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کے صبر، استقامت اور حوصلے کو بھی خصوصی سلام پیش کرتے ہیں، شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے کہا آئیے ہم سب مل کر قانون کی بالادستی، انصاف کے تحفظ، دہشت گردی اور جرائم کے ناسور کے مکمل خاتمے اور اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کے شایانِ شان ایک پُرامن، محفوظ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لئے مشترکہ کاوشوں اور پختہ عزم کا اعادہ کریں۔
وزیراعظم نے ایک بیان میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔وزیراعظم نے کہا کامیابی کا یہ تسلسل قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی پوری ٹیم کی محنت کا ثمر ہے۔



