راکھی ساونت پاکستانیوں کی مداح،ہسپتال کا کون سا واقعہ بتاتے آبدیدہ

نئی دہلی:(ویب ڈیسک)بھارتی اداکارہ، ماڈل اور سوشل میڈیا شخصیت راکھی ساونت نے پاکستانی مداحوں سے ملنے والی محبت اور تعاون کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی گفتگو کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے مشکل لمحات میں پاکستانی مداح ہمیشہ ان کے لیے فکر مند رہے اور کئی مواقع پر عملی مدد بھی کی۔
راکھی ساونت نے حال ہی ایک انٹرویو میں پاکستان سے ملنے والی محبت پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی مداح ہمیشہ ان کا بھرپور خیال رکھتے ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں سب سے پہلے انہی کی جانب سے رابطہ کیا جاتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’’پاکستانی مجھے بہت محبت دیتے ہیں۔ ہمارے درمیان کبھی محبت اور کبھی اختلافات کی باتیں ضرور ہوتی ہیں، لیکن جب بھی میرے ساتھ کوئی مسئلہ پیش آیا، سب سے پہلے پاکستانیوں نے میری خیریت دریافت کی۔ کئی مرتبہ ایسا ہوا کہ میری طبیعت خراب ہوئی، مگر بھارت سے کوئی نہیں آیا، جبکہ پاکستانی مداح میری مدد کے لیے آگے بڑھے اور مجھے اسپتال تک لے گئے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں کے والدین نہیں ہوتے، وہ دوسروں کے سہارے زندگی گزارتے ہیں اور انہوں نے بھی ہمیشہ دوسروں کی محبت اور تعاون کو محسوس کیا ہے۔ راکھی ساونت نے کہا کہ ’’میں جو حقیقت ہے، وہی بیان کر رہی ہوں۔ پاکستانی مجھ سے بے حد محبت کرتے ہیں۔ ہم پڑوسی ہیں اور ایک اچھے پڑوسی کی طرح وہ ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔‘‘
راکھی ساونت کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر دونوں ممالک کے صارفین نے بھرپور ردعمل دیا۔ پاکستانی اور بھارتی صارفین کی بڑی تعداد نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے سے نفرت نہیں کرتے بلکہ امن اور محبت چاہتے ہیں۔ متعدد صارفین نے رائے دی کہ سیاسی اختلافات کے باعث دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کا دشمن بنا کر پیش کیا جاتا ہے، جبکہ حقیقت میں لوگ باہمی احترام اور اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔



