چیمپئنز ٹرافی : بھارت نے اپنا میچ جیت لیا ، پاکستان کو افتتاحی میچ میں ہی جرمانہ
قومی کرکٹ ٹیم پر سلو اوور ریٹ کی وجہ سے میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ، ٹورنامنٹ کا تیسرا میچ آج افغانستان اور جنوبی افریقہ کھیلیں گے
لاہور ( سلمان حسین ) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں نیوزی لینڈ کے خلاف افتتاحی میچ میں پاکستان ٹیم پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم پر سلو اوور ریٹ کی وجہ سے میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے دوسرے میچ میں بھارت نے بنگلا دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ دبئی میں کھیلے گئے ایونٹ کے میچ میں بھارت نے 229 رنز کا مطلوبہ ہدف 47 ویں اوور میں 4 وکٹوں پر حاصل کیا۔ بھارت کی جانب سے شبھمن گل 101 رنز ناٹ آٹ بنا کر نمایاں رہے۔
کے ایل راہول 41 رنز بنا کر ناقابل شکست پویلین لوٹے۔ کپتان روہت شرما 41، ویرات کوہلی 22، شریاس ایر 15 اور اکشر پٹیل 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بنگلا دیش کی جانب سے رشاد حسین نے 2 جبکہ تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے 1، 1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس سے قبل بنگلا دیش کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 ویں اوور میں 228 رنز پر آئوٹ ہوگئی تھی۔ بنگلا دیش کی جانب سے توحید ہریدوئے 100 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جاکر علی 68، تنزید حسن 25، رشاد حسین 18، مہدی حسن میراض 5 اور تسکین احمد 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ مشفق الرحمان، کپتان نجم الحسن شانتو، تنظیم حسن ثاقب اور سومیا سرکار بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
ہر شت رانا نے 3 اور اکشر پٹیل نے 2 وکٹین حاصل کیں۔ چیمپئنز ٹرافی کا تیسرا میچ کراچی میں آج افغانستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغانی ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ ہماری تمام تر توجہ اچھی کرکٹ کھیلنے پر ہے، ہماری ٹیم میچ کیلئے تیار ہے ۔ ماضی کے برعکس ہماری کارکردگی میں بڑی تیزی سے تبدیلی آئی ہے۔ قبل ازیں چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں شکست پر سوشل میڈیا صارفین قومی ٹیم بالخصوص بابر پر برس پڑے پاکستان ٹیم نے مقررہ وقت میں ایک اوور کم پھینکا تھا جس کی وجہ سے پاکستان ٹیم پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ آئی سی سی قوانین کے تحت فی اوور کھلاڑیوں پر میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے غلطی مان کر جرمانہ تسلیم کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں 29 سال بعد ہونے والے آئی سی سی ایونٹ کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے شکست دی تھی۔



