لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر اکیہیکو تاناکا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب میں جائیکا کے جاری منصوبوں کی پیش رفت، آئندہ ترقیاتی پروگراموں اور مختلف عوامی شعبوں میں مشترکہ تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیصل آباد واٹر سپلائی منصوبوں کا جائزہ
اجلاس کے دوران فیصل آباد کے واٹر سپلائی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق مشترکہ منصوبوں کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں زچہ و بچہ کی صحت کے شعبے میں جائیکا کے تعاون کو سراہا گیا، جبکہ بچیوں اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کو اسکولوں میں لانے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
جائیکا کا کردار قابلِ قدر ہے، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جائیکا کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی میں جائیکا کا کردار قابلِ قدر ہے اور ادارے نے مختلف شعبوں میں مؤثر انداز میں عوامی خدمت انجام دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جائیکا کی جانب سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں میں تعاون قابلِ تحسین ہے، اور پنجاب حکومت مستقبل میں بھی باہمی اشتراک کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے۔
تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں، جائیکا
جائیکا کے صدر ڈاکٹر اکیہیکو تاناکا نے کہا کہ ادارہ پنجاب حکومت کے ساتھ انسانی وسائل کی ترقی، تعلیم، صحت اور دیگر ترجیحی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جائیکا مستقبل میں بھی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات میں اپنا تعاون جاری رکھے گی۔
یومِ استحصالِ کشمیر پر وزیراعلیٰ کا پیغام
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 5 اگست 2019 کشمیری عوام کی شناخت اور بنیادی حقوق پر حملے کا دن تھا، جسے پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے آزادی کی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر موجودہ دور کا ایک اہم انسانی مسئلہ ہے، جس کے منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
رکن پنجاب اسمبلی کے اہلِ خانہ سے تعزیت
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رکن پنجاب اسمبلی رانا محمد فیاض کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔



