لاہور (بیورو چیف): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ اربعین میں دنیا بھر سے لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت حضرت امام حسینؓ سے محبت اور عقیدت کا اظہار ہے، جبکہ چہلم کے موقع پر زائرین کے لیے کیے گئے وسیع انتظامات قابلِ ستائش ہیں۔
گورنر پنجاب نے یہ بات عراق کے دورے کے دوران کربلا میں بین الاقوامی تعلقاتی ادارے کے سربراہ غیاث ہاشم الحسینی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
کربلا آمد پر غیاث ہاشم الحسینی نے انتظامی وفد کے ہمراہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں چہلم کے موقع پر کربلا میں زائرین کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور عراق کے درمیان دوطرفہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ، تعلیم اور صحت کی سہولیات سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
زائرین کے لیے انتظامات قابلِ ستائش ہیں
گورنر پنجاب نے بوہرہ کمیونٹی کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین کی کربلا میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک روحانی پیشوا ہیں جو دن رات انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چہلم میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے لیے رہائش اور کھانے پینے کے وسیع انتظامات کیے گئے، جس پر وہ سیدنا مفضل سیف الدین اور کربلا کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اہل بیت سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔
واقعہ کربلا ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے
گورنر پنجاب نے کہا کہ واقعہ کربلا کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار، قربانی اور یکجہتی کا وہی جذبہ پیدا کریں جس کا عملی مظاہرہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا نے میدان کربلا میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی آج بھی مسلمانوں کے لیے حق، صبر، استقامت اور اصولوں پر قائم رہنے کا پیغام ہے۔
ملاقات کے موقع پر گورنر پنجاب نے بین الاقوامی تعلقاتی ادارے کے سربراہ غیاث ہاشم الحسینی کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔



