لاہور (بیوروچیف) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان کی زیر صدارت سی سی ڈی امور بارے اہم ویڈیو لنک اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔
ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ، ڈی آئی جی سی سی ڈی وقاص الحسن، ایس ایس پیز سی سی ڈی اور سینئر افسران اجلاس میں موجود تھے جبکہ سی سی ڈی کے کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک کے افسران و اہلکاروں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی عثمان انور نے اجلاس میں منظم جرائم کے خاتمے کیلئے سی سی ڈی کے مجوزہ اہداف کا جائزہ لیا۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ہیومن ریسورس، لاجسٹکس، ٹی او آرز اور انتظامی امور بھی زیر غور آئے۔
ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے ادارے کے اغراض و مقاصد اور ہداف بارے بریفنگ دی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سنگین جرائم میں ملوث کریمنلز کا سدباب کریں۔ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی نے کہا کہ سی سی ڈی کرائم فائٹنگ سپرٹ کے ساتھ سنگین جرائم کے چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب پولیس انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیو ٹیموں اور ورکرز کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں
، لاہور سمیت صوبہ بھر میں 18 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار پولیوورکرز کی سکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں، انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈولفن، پیرو اور تھانوں کی ٹیمیں پولیو مہم والے علاقوں میں موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔



