اسلام آباد:(ویب ڈیسک )شہید صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر سماعت کی کازلسٹ منسوخ کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سینئر صحافی حامد میر کی درخواست پر 4 فروری کو سماعت کرنا تھی۔
تاہم، رجسٹرار آفس نے حامد میر کی درخواست کی کازلسٹ منسوخ کرکے کیس نو اسکوپ میں ڈال دیا۔
اس سے قبل بھی 7 نومبر 2024 کی سماعت کازلسٹ سے منسوخ کرکے کیس نو سکوپ لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے 27 اگست کو جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
اِسی نوعیت کی ایک اور درخواست دائر ہونے پر دونوں کیسز کو یکجا کر کے دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ 24 اکتوبر کو معروف صحافی اور سینیئر اینکر پرسن ارشد شریف کے اہل خانہ نے تصدیق کی تھی کہ ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر قتل کردیا گیا ہے۔
ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیق نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’آج میں نے اپنا دوست، شوہر اور پسندیدہ صحافی کھو دیا، پولیس نے بتایا تھا کہ ارشد شریف کو کینیا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے‘۔
بعد ازاں، وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کینیا کے صدر ولیم روٹو کو ٹیلی فون کرکے معروف صحافی ارشد شریف کے قتل کی غیرجانب دارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیا تھا۔



