الطاف حسین کی طبیعت پھر ناساز،ہسپتال منتقل
لندن،(ویب ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کو جمعہ 8 اگست کو لندن میں ایک بار پھر طبیعت ناساز ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایم کیو ایم کی جانب سے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کی طبیعت ایک بار پھر بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ ایم کیو ایم کے مرکزی شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 8 اگست کو الطاف حسین کی طبیعت دوبارہ ناساز ہوئی، جس پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کیا گیا اورایمبولینس کو بلایا گیا۔
ڈاکٹر نے فوری طور پر میڈیکل ایمرجنسی ٹیم بھیجی، ایمرجنسی ٹیم نے پہلے رہائش گاہ پر ہی الطاف حسین کا چیک اپ کیا جس کے بعد انہیں مزید چیک اپ اور علاج معالجے کے لیے مقامی ہسپتال شفٹ کر دیا گیا ہے۔
رابطہ کمیٹی نے تحریک کے تمام کارکنوں اور عوام سے اپیل کی ہےکہ وہ الطاف حسین کی صحتیابی کےلیے دعا کریں۔
ایم کیو ایم لندن کے سینئر رہنما مصطفیٰ عزیزآبادی نے بھی ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے اس پیش رفت کی تصدیق کی۔
واضح رہے کہ الطاف حسین گزشتہ ماہ بھی لندن میں شدید بیماری کے باعث ہسپتال میں داخل ہوئے تھے، جہاں ان کے کئی ٹیسٹ کیے گئے تھے۔



