لاہور:(بیوروچیف)ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید نے اختیارات سے تجاوز اور میرٹ پر تفتیش نہ کرنیوالے متعدد افسران کو وارننگز اور شوکاز نوٹس جاری کردیئے ۔

انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز میں شہریوں کو میرٹ پر انصاف کی فراہمی کا عمل جاری ہے،ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید کی زیرِ صدارت تبدیلی تفتیش فرسٹ بورڈکا اجلاس ہوا جس میں تمام ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔

اجلاس میں قتل، اقدام قتل، اغواء، چیک ڈس آنر، امانت میں خیانت، دھوکہ دہی اور ڈکیتی کے 32 مقدمات زیر بحث آئے،افسران نے دونوں فریقین کو سننے کے بعد تبدیلی تفتیش سے متعلق احکامات جاری کئے۔

مدعی بابر غفور، محمد بشیر، حیدر علی اور فصیح فاروق قتل کے مقدمات کی تفتیش تبدیلی کے لیے پیش ہوئے جبکہ مدعی عبد الطیف اقدام قتل، شہباز خان اغواء، شعیب اسلام چیک ڈس آنر جبکہ انتظار حسین امانت میں خیانت کے مقدمہ کی تفتیش تبدیلی کے لیے پیش ہوئے۔
ایس ایس پی محمد نوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کی شکایات کے فوری ازالے کو ہر صورت یقینی بنایا جارہا ہے،
تبدیلی تفتیش بورڈ میں میرٹ پر فوری انصاف کی فراہمی کو ہمیشہ مقدم رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں سے متعلقہ مقدمات کو برق رفتاری سے نمٹایا جا رہا ہے،پولیس افسران مظلوم کو فوری ریلیف کی فراہمی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں،شہریوں کی داد رسی کے لیے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔



