لاہور:(سید ظہیرنقوی)پنجاب سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پرنسپل ڈینٹل سرجن(بی ایس 19)ایم ایس پنجاب ڈینٹل ہسپتال لاہورڈاکٹر فرح حامد سے بغیرمنظوری کے 22تا29مارچ 2025تک چھٹی پر وضاحت طلب کرلی۔

حکام کے مطابق ڈاکٹر فرح حامد سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ آپ نے 14مارچ 2025کو گھریلو مصروفیات کی بنا پرچھٹی کی درخواست گزاری جس میں آپ نے ڈاکٹر ندیم عثمان صدیقی کو اپنی غیر حاضری میں چارج دینے کا کہا۔
محکمہ کی جانب سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ آپ نے متعلقہ حکام کی جانب سے چھٹی کی درخواست منظور نہ ہونے کے باوجود چھٹیاں کیں۔
انتہائی اہم عہدے پر فائز رہتے ہوئے آپ نے انتہائی لاپروائی کا مظاہرہ کیا جس کی آپ سے توقع نہیں تھی آپ کا یہ رویہ ناقابل قبول اورناقابل برداشت ہے ۔
خصوصی طور پر ان دنوں کے دوران جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے پورے صوبے کے ہسپتالوں میں سرپرائز دورے جاری ہیں اور آپ 22مارچ تا 29مارچ 2025تک بغیر درخواست منظوری کے چھٹیوں پر رہیں جو کہ مس کنڈکٹ کے زمرے میں آتا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کیوں نہ آپ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے ۔
اس حوالے سے ڈاکٹر فرح حامد سے نمائندہ سی این این اردوڈاٹ کام کے رابطہ کرنے پر ڈاکٹر فرح حامد نے کہا کہ مجھے ابھی تک کوئی نوٹیفیکیشن وغیرہ موصول نہیں ہوا بعد میں موقف دوں گی ۔



