اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیف آف دی ایئر اسٹاف سرینا ہوٹلز انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2025 کا ٹائٹل پاکستان کے عالمی نمبر 43 نور زمان نے اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں انہوں نے عالمی نمبر 101 محمد حمزہ خان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دی۔ گیم اسکور 9-11، 7-11، 11-7، 11-4 اور 11-8 رہا۔
پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام اور سرینا ہوٹلز کے تعاون سے یہ ایونٹ 24 تا 28 نومبر مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت جمہوریہ چیک، مصر، ہانگ کانگ چین، جاپان، ملائیشیا اور سوئٹزرلینڈ کے مجموعی طور پر 24 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر پی ایس ایف ائیر مارشل کاظم حماد تھے، جنہوں نے ٹرافیاں اور سووینئر تقسیم کیے۔ تقریب میں پی ایس ایف کے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل سہیل اکبر، سی او او سرینا ہوٹلز فہیم انعام، لیجنڈری کھلاڑی قمر زمان، ڈاکٹر ریاض خان، عدنان اسد اور متعدد شائقین بھی شریک ہوئے۔
سرینا ہوٹلز اپنے اسپورٹس ڈپلومیسی پروگرام کے تحت پاکستان میں عالمی سطح کے کھیلوں کے فروغ کے لیے سرگرم ہے، اور یہ چیمپئن شپ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی رہی۔




