لاہور(بیوروچیف /سید ظہیر نقوی)لاہور پولیس آپریشنز ونگ کے افسران جمعہ کے روز شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ان کی دہلیز پر موجود رہے۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد شہر کی ایک سو سے زائد مساجد میں بیک وقت کھلی کچہریاں لگائی گئیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے یکے بعد دیگرے کھلی کچہریوں میں شہریوں کے مسائل سنے۔ انہوں نے اپنے دفتر کے بعد جامعہ مسجدرحمانہ نیلا گنبد میں کھلی کچہریاں لگائیں۔
ایس پی سول لائنز، ایس ڈی پی او، ایس ایچ اوودیگر افسران موقع پر موجود تھے۔ فیصل کامران نے نماز جمعہ کے بعد شہریوں کی درخواستیں سنی اور متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات جاری کیے۔
انہوں نے کہا ہے کہ قانون کی بالا دستی، متاثرہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنااولین ترجیح ہے۔مجھ سمیت میرا ہر سپاہی آپ کی حفاظت اور مدد کے لیے حاضرہے۔ کھلی کچہریوں سے انصاف کی بروقت فراہمی یقینی بنانے میں مدد مل رہی ہے۔
شہری شکایات کا ازالہ نہ ہونے پر براہ راست میرے دفتر آ سکتے ہیں۔ شہر کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے شہری جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع پولیس کو دیں۔



