لاہور ( سلمان حسین) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 11ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5وکٹوں سے شکست دے دی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے 172کا ہدف 18.4اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
سلطانز کی جانب سے جوش فلیپی 55رنز بنا کر نمایاں رہے۔کپتان ایشٹن ٹرنر نے ناٹ آئوٹ 43رنز کی باری کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں اسٹیون اسمتھ 31، عرفات منہاس 25، شان مسعود 6اور صاحبزادہ فرحان 2رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
محمد نواز 7رنز بناکر ناٹ آئوٹ پویلین لوٹے۔ یونائیٹڈ کی جانب سے سلمان ارشاد اور کپتان شاداب خان نے 2، 2وکٹیں حاصل کیں۔ عماد وسیم نے 1کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس سے قبل ملتان سلطانز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 171رنز سکور کیے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے مارک چیپمین 40رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سمیر منہاس 28، فہیم اشرف 26، ڈیوون کونوے 26، حیدر علی 13، آندرے ہوس 11، عماد وسیم 8 اور شاداب خان 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سلمان مرزا 3رنز ناٹ آئوٹ بناکر پویلین لوٹے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے مومن قمر نے 3اور محمد وسیم نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پیٹر سڈل، عرفات منہاس اور محمد نواز نے 1، 1وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پی ایس ایل کے تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے راولپنڈیز کو 5وکٹوں سے شکست دے دی۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ راولپنڈیز نے مقررہ 20اوورز میں 4وکٹ پر 214رنز سکور کیے۔ پنڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز رضوان اور یاسر خان نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
یاسر خان نے 83، کپتان محمد رضوان نے 41رنز بنائے، کامران غلام نے 37، ڈیرل مچل نے 23اور سیم بلنگز نے 18رنز کی اننگز کھیلیں۔ پشاور زلمی کی جانب سے فاسٹ بائولر علی رضا نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ راولپنڈیز کا 215رنز کا ہدف پشاور زلمی نے پانچ وکٹ پر آخری اوور میں حاصل کرلیا۔
فاتح ٹیم کے محمد حارث نے47 اور بابر اعظم نے 39رنز بنائے۔ مائیکل بریسویل نے35اور عبدالصمد نے 11گیندوں پر 33رنز بنائے۔



