دوسرا سیمی فائنل:نیوزی لینڈ کی جنوبی افریقا کیخلاف بیٹنگ جاری
دونوں ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں مد مقابل ہیں
لاہور(سلمان حسین)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کی جنوبی افریقا کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔قذاقی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے دوسرے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے 10 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 56 رنز بنالیے ہیں۔کیوی اوپنرز ول ینگ اور راچن رویندرا نے ٹیم کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم ول ینگ 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، یہاں اوس نہیں پڑے گی، ہم جانتے ہیں ان کنڈیشنز میں کیا کرنا ہے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔کیوی کپتان نے کہا کہ پچھلا میچ مختلف کنڈیشنز میں تھا، آج ہم ایک مضبوط ٹیم کے خلاف کھیل رہے ہیں اور امید ہے جنوبی افریقا پر دباؤ ڈال سکیں گے۔
جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باؤما نے کہا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی بیٹنگ کو ترجیح دیتے لیکن اب ہمیں اچھا آغاز کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، میں واپس آ گیا ہوں اور اب کافی بہتر محسوس کر رہا ہوں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے گروپ اے اور جنوبی افریقا نے گروپ بی سے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔آج کا میچ جیتنے والی ٹیم اتوار کو دبئی میں ہونے والے فائنل میں بھارت سے مقابلہ کرے گی۔
یاد رہے کہ بھارت نے گزشتہ روز چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
جنوبی افریقا کی ٹیم:
ٹمبا باووما (کپتان)، ریان رکلٹن، راسی وین ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن (وکٹ کیپر)، ڈیوڈ ملر، ویان ملڈر، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، لنگی نگیڈی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم:
ول ینگ، راچن رویندرا، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مچل سینٹنر (کپتان)، میٹ ہنری، کائل جیمیسن، وِل او رورک۔



