راکھی ساونت سے نکاح کیلئے تیار،اپنی امی کوبھی جلد منا لوں گا:مفتی قوی
لاہور:(ویب ڈیسک)متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے مفتی قوی بھی بھارتی اداکارہ راکھی ساونت سے شادی کے لیے میدان میں آگئے اور انہوں نے اداکارہ سے مشروط نکاح کی خواہش کا اظہار کردیا۔
مفتی قوی نےراکھی ساونت سے شادی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی امی کو بھی جلد منا لوں گا۔
مفتی قوی کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ وہ اب اپنے نکاحوں کی تعداد نہیں بتائیں گے، وہ اپنے نکاحوں کی بات خفیہ رکھیں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے برصغیر کے ایک بہت بڑے سیاسی، علمی اور ادبی گھرانے کی ایک خاتون سے بھی نکاح کیا تھا لیکن وہ خاتون جلد انتقال کر گئیں۔
مفتی قوی کے مطابق وہ آج بھی جب قبرستان سے گزرتے ہیں تو اپنے نکاح میں رہنے والی مرحوم خاتون کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک سمیت دیگر علمائے اکرام کی تحقیق کے مطابق ہندوؤں کے پاس جو کتاب ہے، وہ الہامی ہے، اس لیے راکھی ساونت بھی اہل کتاب ہوئیں اور وہ ان سے نکاح کر سکتے ہیں۔
مفتی قوی نے کہا کہ وہ راکھی ساونت سے نکاح کے لیے تیار ہیں لیکن ان کی صرف ایک ہی شرط ہے کہ وہ بتائیں کہ کہیں ان کا ہندو یا مسلم مذہب کے تحت کوئی نکاح تو نہیں ہوا ہوا؟
ساتھ ہی انہوں نے یہ شرط بھی رکھی کہ وہ راکھی ساونت سے نکاح کرنے سے قبل اپنی والدہ سے اجازت لیں گے اور اگر ان کی والدہ رضامند ہوئیں تو وہ تیار ہیں۔
مفتی قوی کی جانب سے راکھی ساونت سے مشروط نکاح کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
مفتی قوی ماضی میں بھی ایسی متنازع خواتین کے ساتھ نکاح کی خواہشات ظاہر کرتے آئے ہیں جب کہ وہ یہ دعویٰ بھی کر چکے ہیں کہ اب تک وہ تین درجن نکاح کر چکے ہیں۔
مفتی قوی کے مطابق وہ عام طور پر حلالہ کے لیے خواتین سے نکاح کرچکے ہیں جب کہ وہ متنازع ماڈلز، ٹک ٹاکرز و اداکاراؤں کے ساتھ ویڈیوز، تصاویر اور سیلفیاں بنوانے کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتے رہے ہیں۔



