پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں

روایتی سیاست کا دروازہ بند، خدمت کا در کھول دیا ہے: مریم نواز

کوشش ہے کوئی شہری بغیر چھت کے نہ رہے،ہرصورت میں پانی کی نکاسی جلد مکمل کی جائے:مریم نواز، بارش کے بعد پیدا صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے لاہور شہر کا دورہ

لاہور: (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت”اپنی چھت اپنا گھر“ پروگرام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں جاری ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام سے اب تک51 ہزار سے زائد خاندانوں کا خواب حقیقت بنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے”اپنی چھت،اپنا گھر“ نے منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔

اجلاس کومنصوبے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا ”اپنی چھت،اپنا گھر“ پروگرام کے پلیٹ فارم سے 51 ہزار نو سو گیارہ نادار خاندانوں کو قرضہ فراہم کیا جا چکا ہے۔”اپنی چھت،اپنا گھر“ پروگرام کے تحت اب تک 60 ارب 50 کروڑ روپے کی خطیر رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ 45,178 گھر زیر تعمیر ہیں جبکہ 6,160 گھر مکمل ہو چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا جس دن ایک غریب کے سر پر چھت آ جاتی ہے اس دن ریاست کامیاب ہو جاتی ہے۔ روایتی سیاست کا دروازہ بند کیا اور خدمت کا در کھول دیا ہے۔ ”اپنی چھت،اپنا گھر“ محض اینٹوں اور دیواروں کا منصوبہ نہیں نادار افراد کے لئے نئی زندگی کا آغاز ہے۔ پاکستان میں پہلی بار ہوا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر غریب اور بے گھر خاندانوں کیلئے عملی اقدامات ہو رہے ہیں۔
میری دن رات کوشش ہے کہ پنجاب کا کوئی شہری بغیر چھت کے نہ رہے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے لاہورشہر کا اچانک ہنگامی دورہ کیا۔ مصری شاہ، لکشمی چوک اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کی صورتحال کا جائز ہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے روڈز اور اطراف میں نکاسی آب کے لئے واسا کے انتظامات کابھی جائزہ لیا اورنکاسی آب کی صورتحال کو مزید بہتر اور تیز تر بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں طغیانی پر ڈی جی خان کی انتظامیہ اور اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے راجن پور اور دیگر علاقوں میں برسات کی وجہ سے جمع پانی کی نکاسی کی ہدایت کی اور تونسہ کے علاقوں میں سیلابی ریلے آنے سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کارروائیوں کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے تمام نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کے لئے تیز ترین انتظامات کا حکم دیا اور ڈیرہ غازی خان اور دیگر علاقوں کے لوگوں کو بارش کی وجہ سے درپیش پریشانیوں کے فوری ازالے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بارش کا پانی کھڑے ہونے سے عوام بالخصوصی بچوں اور خواتین کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہر صورت میں پانی کی نکاسی جلد از جلد مکمل کی جائے۔

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب نے رحیم یار خان میں کھلے مین ہول میں گر کر کمسن بچے کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ مریم نواز شریف نے چکری کے قریب بس حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button