لاہور ( بیورو چیف) گورنر پنجاب /چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں خواتین کو ہراساں کرنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تعلیمی اداروں میں بدمعاشی کلچرکی ہرگز اجازت نہیں ۔ نوجوان بلاول بھٹو کو اپنا آئیڈیل بنائیں۔
بلاول بھٹو آئندہ ملک کے پہلے نوجوان وزیراعظم ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے بارہویں کانووکیشن 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنر پنجاب /چانسلرسردار سلیم حیدر خان نے گریجویٹ طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عملی زندگی میں اپنی ڈگری کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے قومی ترقی اور خوشحالی میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں چیلنجز ناگزیر ہیں، حقیقی کامیابی مشکلات کا حوصلے اور عزم کے ساتھ مقابلہ کرنے میں ہے۔
گورنر پنجاب نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی امنگوں کو محض ذاتی کامیابی تک محدود نہ رکھیں بلکہ انسانیت کی خدمت کو بھی اپنا نصب العین بنائیں۔ انہوں نے طلبہ کو زندگی بھر سیکھنے کے عمل کو جاری رکھنے، اعلی اخلاقی اقدار اپنانے اور سماجی ذمہ داریوں کی پاسداری کی تلقین کی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اتذہ کو چاہئے کہ وہ طلبا کے ساتھ مثبت رویہ رکھیں تاکہ نوجوان نسل تعلیم حاصل کرسکے۔اس موقع پر گورنر پنجاب/چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے کامیاب طلبہ میں گولڈ میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔ کانووکیشن 2026 میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے 161 طلبہ کو گولڈ، سلور اور برانز میڈلز سے نوازا گیا۔



