پاکستانتازہ ترین

سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد روکنا بڑا چیلنج، تنگ نظری کو شکست دینا ہوگی: مریم نواز

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر تعصب، اشتعال انگیزی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے نفرت انگیز مواد اور غلط معلومات کا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اپنے پیغام میں مریم نواز نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والے نفرت انگیز مواد، جھوٹی معلومات اور انتہا پسندانہ رجحانات کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نفرت، تعصب اور تنگ نظری کو ہر محاذ پر شکست دینا ہوگی۔ آزادی اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا محاسبہ ضروری ہے، کیونکہ نفرت انگیز بیانیے انسانی حقوق اور معاشرتی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماہ محرم الحرام ہمیں امن، محبت، صبر، برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس لیے نفرت انگیز تقاریر کے بجائے رواداری اور احترام کے پیغام کو فروغ دینا چاہیے۔

مریم نواز نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے نفرت انگیز مواد کی تیز رفتار ترسیل آج کے دور کا ایک بڑا چیلنج ہے، جس کا مقابلہ اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے اسلاموفوبیا کو نفرت انگیز رویوں کی خطرناک شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی دلوں میں نفرت کے بیج بونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

محرم الحرام کے لیے سکیورٹی پلان، ایک لاکھ 24 ہزار پولیس اہلکار تعینات

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔

انہوں نے صوبہ بھر میں مجالس اور جلوسوں کے دوران بہترین انتظامات، سخت سکیورٹی اور عزاداروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔

وزیراعلیٰ نے شدید گرمی کے پیش نظر ٹھنڈے پانی اور مشروبات کی سبیلوں کے خصوصی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ریسکیو 1122، فیلڈ ہسپتالوں اور کلینکس آن ویلز کی 24 گھنٹے دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

مریم نواز نے بتایا کہ صوبہ بھر کی 4700 سے زائد امام بارگاہوں پر کیو آر کوڈ پینک بٹن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد ممکن ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، محرم الحرام میں عزاداروں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کے مطابق صوبہ بھر میں ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد پولیس اہلکار جبکہ رینجرز کے 15 ہزار جوان سکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

ترک خاتون اول امینہ اردوان کا مریم نواز کی خیریت دریافت کرنے کے لیے خط

علاوہ ازیں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی اہلیہ امینہ اردوان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی علالت اور سرجری کے بعد خیریت دریافت کرنے کے لیے خط ارسال کیا ہے۔

امینہ اردوان نے خط میں مریم نواز کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاج کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔

ترک خاتون اول نے پاکستان کے عوام کے لیے بھی خیرسگالی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button