پاکستانتازہ ترین

فیلڈ مارشل سے گھانا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف کی ملاقات

دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق: آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ویب ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گھانا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف کی ملاقات ہوئی، جس میں دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گھانا کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیاپونگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز ( جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
معزز مہمان کو پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ تربیت، انسدادِ دہشتگردی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
گھانا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔ بعد ازاں جمہوریہ گھانا کے نیشنل سکیورٹی کوآرڈینیٹر عبدالرزاق عثمان نے نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں گھانا کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیاپونگ بھی موجود تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button