اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان برادر اور ہمسایہ ملک ایران کی ہر شعبے میں مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق یہ رابطہ اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلا رابطہ تھا، جو 30 منٹ سے زائد جاری رہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی قیادت اور عوام کو تاریخی امن معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن کے قیام، ایرانی قوم کی تعمیر نو اور پاکستان و ایران کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ایک مخلص دوست اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ایران کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں شخصیات نے ثالثی کے عمل کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جسے ایران ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی مثبت، تعمیری اور مخلصانہ حمایت کو ایران کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
دونوں رہنماؤں نے جلد ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے دورے کرنے اور باہمی رابطوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا تاکہ علاقائی اور دوطرفہ تعاون کو نئی وسعت دی جا سکے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے تاریخی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ یہ اہم پیشرفت خطے اور دنیا میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے بھی اسحاق ڈار سے گفتگو کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی پیش رفت میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا



