پاکستانتازہ ترین

BISP کو ٹارگٹ کرنا افسوسناک، پروگرام کا بھرپور دفاع کریں گے، بلاول بھٹو

اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کو تنقید کا نشانہ بنانا افسوسناک ہے، کوئی اس کا دفاع کرے یا نہ کرے، ہم اس پروگرام کا بھرپور دفاع کریں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ایک تاریخی پیشرفت ہے۔ جنگ کے بجائے بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے، امن قائم ہوگا تو قومیں ترقی کریں گی اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔

انہوں نے فیلڈ مارشل اور ملکی اعلیٰ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔ بلاول بھٹو نے امن کوششوں پر صدر آصف علی زرداری کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ایران امریکہ جنگ بندی کے باوجود کچھ عناصر ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ پیش ہونے سے قبل 18ویں ترمیم کے خاتمے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کیے جانے سے متعلق غلط خبریں پھیلائی گئیں۔ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے مشکور ہیں کہ این ایف سی ایوارڈ کو محفوظ رکھا گیا۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ صوبوں کا این ایف سی میں حصہ محفوظ ہے اور ملک کو درپیش تمام مسائل اور خطرات کا مل کر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان وفاق اور صوبوں کو اخراجات اور وسائل کے استعمال کا اختیار دیتا ہے، جبکہ صوبائی حکومتوں نے ماضی میں بھی قربانیاں دی ہیں اور آج بھی قومی مفاد میں کردار ادا کر رہی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صرف ایک فلاحی منصوبہ نہیں بلکہ غربت کے خاتمے، معاشی استحکام اور کم آمدن والے خاندانوں کے تحفظ کے لیے اہم پروگرام ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں مستحق خاندانوں کو سہارا دینا ریاست کی ذمہ داری ہے اور BISP اسی مقصد کے لیے کام کر رہا ہے، اس پروگرام کو مزید مؤثر اور وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے زور دیا کہ وفاق اور صوبوں کو مل کر عوامی فلاح، معاشی استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button